مخصوص نشستوں کے کیس کی دوسری وضاحت کیسے جاری ہوئی؟ چیف جسٹس نے جواب مانگ لیا


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے مخصوص نشستوں کے کیس میں آٹھ ججوں کی دوسری وضاحت جاری ہونے پر سپریم کورٹ کے عملے سے جواب مانگ لیا۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسی نے ڈپٹی رجسٹرار ، مجاہد محمود ، اسسٹنٹ رجسٹرار شاہد حبیب اور ویب ماسٹر عاصم جاوید سے وضاحت طلب کرلی اور ان سے پوچھا ہے کہ اوریجنل فائل جمع کیے بغیر وضاحت کیسے جاری ہوئی؟
ذرائع سپریم کورٹ کے مطابق ڈپٹی رجسٹرار اور اسسٹنٹ رجسٹرار عمل درآمد کو وضاحت کے لیے نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔ جس میں اُن سے سوال کیا گیا ہے کہ بغیر اوریجنل فائل جمع کرائے وضاحت سپریم کورٹ ویب سائٹ پر کیسے جاری ہوئی؟۔
ذرائع کے مطابق اس حوالے سے ویب ماسٹر عاصم جاوید سے بھی وضاحت طلب کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل سپریم کورٹ کے 8 ججز نے مخصوص نشستوں کے فیصلے کے حوالے سے دوسری وضاحت جاری کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو پابند کیا تھا کہ وہ الیکشن ایکٹ میں ترمیم کے باوجود عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کا پابند ہے۔