آج تاریخ ساز دن ہے، اعظم نذیر تارڑ کا قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا آج تاریخ ساز دن ہے کہ میثاق جمہوریت پر عمل ہورہا ہے۔
اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ بلاشبہ آج ایک تاریخ ساز دن ہے، اس ایوان کے علم میں ہے کہ 2006 میں ایک تاریخ ساز معاہدہ ہوا جسے میثاق جمہوریت کے نام سے جانا جاتا ہے، اس معاہدے پر شہیر محترمہ بینظیر بھٹو اور نواز شریف نے دستخط کیے، اس پر بشمول تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور بھی بہت سے سیاسی رہنماؤں کے دستخط تھے۔
وزیرقانون نے کہا کہ میثاق جمہوریت کے بہت سارے نکات پر اٹھارویں ترمیم میں عمل ہوگیا، اٹھارویں ترمیم میں آمرانہ ادوار میں کی گئی تبدیلیوں کو درست کیا گیا۔
یاد رہے کہ سینیٹ آف پاکستان نے 26 ویں آئینی ترمیم کو دو تہائی اکثریت سے منظور کر لیا ہے، اس سے قبل وفاقی کابینہ نے اس ترمیم کی منظوری دی تھی، اب یہ ترمیم قومی اسمبلی میں منظور کی جائے گی۔