جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے عدلیہ کی عزت بحال کی، وہ عزت سے گھر جا رہے ہیں، خواجہ آصف


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ووٹ کو عزت جج نہیں بلکہ پارلیمنٹ دیتی ہے، ہم 17 لوگوں سے اختارات لے کر منتخب لوگوں کو دے رہے ہیں، یہی ووٹ کو عزت دینا ہے، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے عدلیہ کی عزت بحال کی، وہ عزت سے گھر جا رہے ہیں۔
سینیٹ کے بعد 26ویں آئینی ترمیم کی قومی اسمبلی سے منظوری کے لیے بلائے گئے قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ چند سال سے عدلیہ میں جو جھگڑا چل رہا ہے وہ صرف ایک گروپ کی اجارہ داری کے لیے ہے، ہمیں عدلیہ کو آزاد کرنا تھا لیکن اتنا نہیں کہ وہ ہماری آزادی ہی چھین لے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ جب فوج میں آرمی چیف کی تقرری کے لیے 5 لوگوں کے نام آتے ہیں تو عدلیہ میں کیوں نہیں ایسا ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ جو 4 ووٹرز ایوان میں آئے ہیں وہ پی ٹی آئی کے نہیں، آزاد حیثیت میں الیکشن جیت کر اسمبلی میں آئے تھے۔ خواجہ آصف نے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی بات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ان کے دور میں جو کچھ ہوا کیا وہ یاد نہیں، قاسم سوری نے آدھے گھنٹے میں 54 بل منظور کیے تھے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جو الفاظ ادا کیے گئے ہیں انہیں کچھ تو شرم و حیا اور احساس ہونا چاہیے، جب آپ جمہوری اقدار اور آئین کی بات کرتے ہیں تو تاریخ پر بھی نظر ڈال لینی چاہیے اور اپنے ضمیر کو بھی ٹٹول لینا چاہیے، وقت کے ساتھ پارٹیاں بدلنے سے انسانوں کے ضمیر نہیں بدلنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ بھڑکیں مارنے والا بانی مکافات عمل بھول گیا تھا، جیل میں بانی کو ملنے والا کھانا بڑے ہوٹلوں میں بھی نہیں ملتا۔