کیا موٹرز پاکستان میں اپنی پہلی الیکٹرک گاڑی لانچ کرے گا؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)کیا موٹرز پاکستان میں باضابطہ طور پر اپنی پہلی الیکٹرک گاڑی متعارف کرانے کے قریب ہے، جسے 25 اکتوبر سے شروع ہونے والے پاکستان آٹو شو 2024 کے موقع پر نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔
اس ضمن میں کیا موٹرز نے ایک ٹیزر جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’اپنے مستقبل کو برقی بنانے کے لیے دیکھتے رہیں‘، مذکورہ ٹیزر کیا موٹرز کے پاکستان میں الیکٹرک وہیکل مارکیٹ میں شمولیت کا واضح اشارہ دیتا ہے، حالانکہ صحیح ماڈل ابھی تک پراسرایت کی لپیٹ میں ہے۔
انڈسٹری کے اندرونی ذرائع کا قیاس ہے کہ یہ گاڑی آل الیکٹرک کیا ای وی5 ہو سکتی ہے، حالانکہ کمپنی کی جانب سے اس کی تصدیق نہیں کی گئی ہے، تاہم کیا کی اس الیکٹرک گاڑی کے اجرا کے حوالے سے صارفین اور انڈسٹری اسٹیک ہولڈرز کی دلچسپی میں اضافہ ہورہا ہے۔
کیونکہ دیگر کار ساز پاکستان آٹو شو میں گاڑیوں کی صورت میں اپنی نئی مصنوعات پیش کرنے کی تیاریاں کر رہے ہیں، ایسے میں امید کی جارہی ہے کہ کیا موٹرز کا متوقع الیکٹرک وہیکل انڈسٹری اور صارفین دونوں پر اہم مثبت تاثر چھوڑے گا، جو پائیدار نقل و حرکت کی جانب عالمی دباؤ کے ساتھ ہم آہنگ ہے۔
ایم جی موٹرز اور ہنڈائی جیسے آٹومیکرز اپنے جدید ترین ہائبرڈز اور پلگ ان ہائبرڈز کی نقاب کشائی کرنے کی تیاری کر رہے ہیں، کیا موٹرز کا الیکٹرک وہیکل کے شعبے میں داخلہ پاکستان کے آٹو موٹیو لینڈ اسکیپ میں متبادل ایندھن والی گاڑیوں میں بڑھتی ہوئی مسابقت اور دلچسپی کی عکاسی کرتا ہے۔
کیا موٹرز کے ٹیزر سے یہ پتا نہیں لگتا کہ وہ اپنی الیکٹرک وہیکل سیریز کا کون سا ماڈل متعارف کرانے جارہی ہے، تاہم یہ پراسراریت آئندہ جمعہ کو ختم ہوجائے گی جب پاکستان آٹو شو 25 سے 27 اکتوبر کو لاہور میں منعقد ہوگا، جہاں کیا موٹرز کے ہمراہ توقع ہے کہ ہنڈائی نئے ایلانٹرا ہائبرڈ کی نقاب کشائی کرے گا۔