ایلون مسک نے روزانہ ایک امریکی ووٹر کو 10 لاکھ ڈالر دینے کا اعلان کیوں کیا؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)دنیا کے امیر ترین شخص اور ایکس ڈاٹ کام اور ٹیسلا کے مالک ایلون مسک نے 5 نومبر کو صدارتی انتخابات تک روزانہ ایک رجسٹرڈ ووٹر کو 10 لاکھ ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق، ایلون مسک نے انعامی رقم کا اعلان ہر اس ووٹر کے لیے کیا ہے جو ان کی ’پولیٹیکل ایکشن کمیٹی (پی اے سی) کی آن لائن پٹیشن پر دستخط کرے گا، جس میں کہا گیا ہے، ’اس پٹیشن پر دستخط کرکے میں آئین کی پہلی اور دوسری ترمیم کی حمایت کرتا/ کرتی ہوں، جو اظہار رائے کی آزادی اور اسلحہ رکھنے کا حق فراہم کرتی ہیں۔‘
ایلون مسک کی امریکا پولیٹیکل ایکشن کمیٹی کا مقصد امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کرنا اور ان کے حامیوں کو متحرک کرنا ہے۔ اس کمیٹی کے تحت اور اپنے وعدے کے مطابق، ایلون مسک ہفتے اور اتوار کے روز پینسلوینیا میں 2 خوش نصیبوں کو انعامی رقم کے چیک بھی دے چکے ہیں۔
اس سے قبل اپنے ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ میں ایلون مسک نے پٹیشن پر دستخط کرنے والے ہر رجسٹرڈ ووٹر کو 47 ڈالر اور بعد ازاں کسی دوسرے کو پٹیشن کے لیے رجسٹر اور دستخط کرنے پر آمادہ کرنے والے ووٹر کو 100 ڈالر دینے کی پیشکش کی تھی۔ ایلون مسک کی یہ پیشکش سوئنگ (زیادہ سخت مقابلے والی) ریاستوں کے ووٹرز کے لیے ہے، جس میں ایریزونا، مشی گن، نویڈا، نارتھ کیرولینا، پینسیلوینیا اور وسکونسن شامل ہیں۔
دوسری جانب، پینسلوینیا کے گورنر اور ڈیموکریٹک پارٹی کے رکن جوش شاپیرو نے ایلون مسک کے اس اقدام پر گہرے تحفظات کا اظہار کیا ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے سارے معاملے کی چھان بین کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ ایلون مسک پہلے ہی ریپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارتی انتخابات میں حمایت کے لیے 75 ملین ڈالر کی رقم عطیہ کرچکے ہیں۔ ایلون مسک اس وقت 240 ارب سے زائد ڈالرز کے ساتھ دنیا کے امیر ترین شخص ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ مذکورہ 7 ریاستوں میں 10 سے 20 لاکھ ووٹرز کی حمایت حاصل کرلیں گے۔