جو لوگ غائب رہے اور اب اچانک ویڈیو جاری کر رہے ہیں ان کا کردار مشکوک ہے: سلمان اکرم راجا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ زین قریشی نے پی ٹی آئی سے رابطہ منقطع کر دیا تھا، ان کے معاملے کی ضرور تحقیق کریں گے۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو لوگ غائب رہے اور اب اچانک ویڈیو بیانات جاری کر رہے ہیں ان کا کردار مشکوک ہے، ان سے ضرور سوال کریں گے، ایک آدھ دن میں فیصلہ کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چھبیسویں ترمیم کا متن پی ٹی آئی کے مطابق نہِیں، ہمیں اس سے شدید اختلافات ہیں، اگر کسی پارٹی رکن کی گفتگو سے ایسا تاثر پیدا ہوا کہ پی ٹی آئی اس ترمیم کے حق میں تھی تو یہ تاثر غلط ہے۔
سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا تین اکتوبر کے بعد سے دنیا سے رابطہ منقطع تھا، ان کی بجلی پانچ دن بند رکھنے کے بعد بحال کر دی گئی، جیل کا خراب کھانا کھانے سے ان کی طبیعت خراب ہوئی جو اب ٹھیک ہے۔