ججز تقرری کی پارلیمانی کمیٹی کیلئے نامزدگی پر پرایم کیو ایم میں اختلافات سامنے آگئے


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد ججز کی تقرری کیلئے بننے والی پارلیمانی کمیٹی میں نامزدگی کے معاملے پر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) میں اختلافات سامنے آگئے۔
اسلام آباد میں چیئرمین ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی کی زیر صدارت مرکزی کمیٹی کے اجلاس کے بعد پارلیمانی کمیٹی کے نام پر اختلافات سامنے آگئے۔
ابتدا میں ججز تقرری کیلئے بننے والی پارلیمانی کمیٹی کیلئے ایم کیو ایم کی جانب سے رکن قومی اسمبلی خواجہ اظہار الحسن کا نام فائنل کیا گیا تھا تاہم اچانک سے نام تبدیل کردیا گیا۔
چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے خواجہ اظہار الحسن کے بجائے رکن قومی اسمبلی رعنا انصار کا نام اسپیکر قومی اسمبلی کو بھجوادیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین ایم کیو ایم کی جانب سے ایم کیو ایم کے مرکزی رہنماؤں سے اس نام پر کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔
خیال رہے کہ چیف جسٹس کی تقرری کیلئے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
تحریک انصاف کی جانب سے بیرسٹر گوہر خان، صاحبزادہ حامد رضا اور سینیٹر علی ظفر ججز کی تقرری کیلئے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے خواجہ آصف، احسن اقبال، شائستہ پرویز ملک اور اعظم نذیرتارڑشامل جبکہ پیپلزپارٹی کی طرف سے راجہ پرویز اشرف، نوید قمر اور سینیٹر فاروق ایچ نائیک کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔
ایم کیوایم کی جانب سے رعنا انصار اور جے یو آئی سے کامران مرتضی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔