بی این پی سینیٹرز نے سردار عطااللہ مینگل کے نظریے اور شہداءکے خون سے دھوکہ کیا، بی ایس او


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بی ایس او کے چیئرمین بالاچ قادر نے 26 ویں ترمیم کی حمایت میں پارٹی اراکین کی جانب سے ووٹ دینے پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ بی این پی کے سینیٹرز نے سردار عطااللہ مینگل کے نظریے اور شہداءک کے خون سے دھوکہ کیا۔بی این پی کے سینکڑوں کارکنان نےشہادت نوش کرکے بربریت کے سامنے کبھی سرنہیں جھکایا، ایسے فیصلوں ہی سے بلوچ سیاسی کارکنان مایوس ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سردار اخترجان مینگل کی استعفیٰ کے بعد پارٹی کے سنیٹرز اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرکے استفیٰ دیتے مگر افسوس کہ انہوں نے پارٹی سربراہ کے فیصلے کی پیروی کے بجائے اسمبلی میں رہ کر پارٹی پالیسی اور پارٹی سربراہ کے فیصلہ کی بے توقیری کی۔آئینی ترمیم کی حمایت کرکے پارٹی کے سینیٹرز نے نہ صرف پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کی بلکہ سردارعطااللہ کے فکر و نظریے کےساتھ دھوکہ کیا۔ بی این پی سردار عطااللہ کی امانت بلوچوں کی قومی پارٹی ہے۔ مفاد پرست عناصر کے بجائے اصولوں پر ڈٹنے والے کارکنان کی قربانیاں مشعل راہ ہیں۔