شکار پور،نامعلوم افراد پولیس سے اسلحے سے بھری گاڑی چھین کر فرار، 3 اہلکار گرفتار


شکار پور(قدرت روزنامہ)سندھ کے ضلع شکارپور میں نامعلوم ملزمان جیکب آباد پولیس سے اسلحہ سے بھری گاڑی چھین کر فرار ہوگئے جب کہ واقعے کے بعد سب انسپکٹر، ہیڈ محرر اور محرر کو گرفتار کر لیا گیا۔نجی نیوز کی رپورٹ کے مطابق جیکب آباد تھانہ صدر پولیس نے 2 اکتوبرکو دوران چیکنگ اسلحہ اسمگنگ کی کوشش ناکام بنائی تھی۔رپورٹ کے مطابق کارروائی کے دوران پولیس نے 138 عدد نائن ایم ایم پستول اور 30 بور کے میگزین برآمد کیے تھے۔حکام کے مطابق اسلحہ لاڑکانہ لیبارٹری میں چیکنگ کے لیے بھجوانے کے دوران شکار پور کی حدود میں ملزمان اسلحے سے بھری گاڑی چھین کر فرار ہوگئے۔رپورٹ کے مطابق سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) نے کہا کہ اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے، تفتیش مکمل ہونے کے بعد گرفتار اہلکاروں کو قانون کے مطابق سزادی جائے گی۔