سندھ
اسلحہ و منشیات کیس، اسماعیل ڈاہری کو یکم نومبر کو پیش کرنے کا حکم
حیدرآباد (قدرت روزنامہ)سابق وزیرِاعلیٰ سندھ کے سابق مشیر سردار اسماعیل ڈاہری کے خلاف منشیات اور اسلحہ رکھنے کے کیس کی سماعت حیدر آباد کی عدالت میں ہوئی۔
حیدرآباد کے سیکنڈ ایڈیشنل اینڈ سیشن جج کی عدالت میں مقدمے کی سماعت کے دوران جیل حکام نے ملزم اسماعیل ڈاہری کو پیش نہیں کیا۔ملزم اسماعیل ڈاہری کو سماعت پر پیش نہ کیے جانے پر عدالت نے جیل حکام پر اظہارِ برہمی کیا۔
ملزم کے وکیل ایڈووکیٹ فرہاد ابڑو نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ ان کے مؤکل اسماعیل ڈاہری پر تشدد کیا گیا ہے، ان کی زندگی کو خطرہ لاحق ہے، میڈیکل بورڈ بنانے کے فیصلے پر بھی عمل نہیں ہوا، خدشہ ہے کہ اسماعیل ڈاہری کو کسی اور مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
عدالت نے سینٹرل جیل سپرنٹنڈنٹ کو شوکاز جاری کر کے اسماعیل ڈاہری کو یکم نومبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔