وزیر اعلیٰ بلوچستان کا بلدیاتی اداروں کے ترقیاتی فنڈز 100 فیصد بڑھانے کا اعلان


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلدیاتی اداروں کے ترقیاتی فنڈز 100 فیصد بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وسائل کے درست استعمال اور کرپشن کی روک تھام کو ہر صورت یقینی بنایا جائےکیونکہ فنڈز کا اجرا کارکردگی سے مشروط ہوگا۔
صوبے بھر کے چئیرمین ضلع کونسلز اور میونسپل کارپوریشنز سمیت بلدیاتی اداروں کے سربراہان نے ایک ملاقات میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کو بلدیاتی نمائندوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبہ کے بلدیاتی اداروں کے ترقیاتی فنڈز100 فیصد بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا کہ فنڈز کا اجرا کارکردگی سے مشروط ہوگا لہذا وسائل کے درست استعمال اور کرپشن کی روک تھام کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
وزیر اعلٰی بلوچستان نے بلدیاتی اداروں کے سربراہان کو کرپشن کے تدارک، صفائی ستھرائی، پاکستانیت کے فروغ اور اسکولوں اور اسپتالوں میں اسٹاف کی حاضری کو مانیٹر کرنے کی ہدایت بھی کی۔
وزیر اعلٰی کا کہنا تھا کہ بلدیاتی اداروں میں کرپشن کی روک تھام کے لیے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مل کر موثر میکنزم تشکیل دیا جائے، انہوں نے محکمہ خزانہ کو ہدایت کی کہ بلدیاتی اداروں کے فنڈز مالی سال کے دوران 2 اقساط میں جاری کیے جائیں۔
’ترقیاتی منصوبے زمین پر نظر آنے چاہییں کیونکہ ان کا غیر جانبدار تھرڈ پارٹی سے معائنہ کروایا جائے گا، کرپشن ناقابل قبول، مصدقہ شکایات پر ملوث کونسلز و کارپوریشن کو فنڈز کا اجرا روک دیا جائے گا۔‘
وزیر اعلٰی بلوچستان نے بلدیاتی سربراہان کو ریاست مخالف سرگرمیوں کا ٹھوس جواب دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، پاک فوج اور ریاست سب کی اولین ترجیح ہونی ضروری ہے، بلدیاتی ادارے قومی پرچم اور ترانے کو فروغ دیں، اور ہر جگہ عزت و تکریم کے لیے اقدامات کریں۔
بلدیاتی اداروں کے ترقیاتی فنڈز میں اضافے پر صوبے بھر کے چئیرمینز نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سےاظہار تشکر کرتے ہوئے بلدیاتی اداروں میں کرپشن کی روک تھام سمیت عوامی مسائل کے حل اور ریاست کے بیانیے کے فروغ کا عزم کا اعادہ کیا۔