قلات: مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق، لواحقین نے کوئٹہ کراچی شاہراہ بند کردی
کوئٹہ (قدرت روزنامہ)بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقے چھپر میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا ہے۔
واقعہ کے بعد جاں بحق ہونے والے شخص کے لواحقین نے نعش کو قومی شاہراہ پر رکھ کر شاہراہ کو بلاک کردیا ہے۔ مظاہرین کے احتجاج کے باعث کوئٹہ کراچی شاہراہ گزشتہ 3 گھنٹے سے بلاک ہے۔
مقتول کے لواحقین نے شہر آنے والے رابطہ سڑکوں کو بھی بلاک کردیا ہے، مرکزی شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں کی بندش کے باعث سینکڑوں گاڑیاں اور ہزاروں مسافر پھنس چکے ہیں۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ مسلح افراد ایک دوسرے شخص کو اغوا کرکے اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ مغوی شخص کو بازیاب کرایا جائے اور مقتول کو انصاف فراہم کیاجائے۔