عمران خان پر حملہ میں نامزد ملزم نوید کی درخواست ضمانت خارج


لاہور (قدرت روزنامہ)لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم عمران خان پر حملہ میں نامزد مرکزی ملزم نوید کی درخواست ضمانت خارج کردی، ملزم کی درخواست ضمانت پر فیصلہ ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ نے سنایا۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان پر وزیر آباد ہونیوالے حملہ میں نامزد مرکزی ملزم نوید کی درخواست ضمانت پر سماعت جسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں لاہور ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ نے کی۔
ملزم نوید نے اپنی درخواست میں موقف اپنایا تھا کہ وہ وقوعہ پر موجود ہی نہیں تھا، پولیس نے بلا جواز مقدمے میں شامل کیا ہے، عینی شاہدین نے نامعلوم ملزم کے بارے میں بتایا جبکہ اس کیخلاف ٹھوس شواہد بھی موجود نہیں۔
ملزم کی جانب سے ناکافی ثبوتوں کی بنیاد پر ضمانت منظور کرنے کی استدعا کی مخالفت کرتے ہوئے پولیس پروسیکیوٹر کا موقف تھا کہ ملزم وقعہ سے گرفتاری کے بعد ہی مقدمے میں نامزد کیا گیا، ملزم کی شناخت مختلف فوٹیجز میں بھی ہوئی تھی۔
پولیس پروسیکیوٹر نے عدالت کوبتایا کہ ملزم کے جائے وقوعہ پر موجودگی کے گواہان بھی موجود ہیں، ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں عدالت درخواست ضمانت مسترد کرے۔
بعد ازاں عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ملزم نوید کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی۔