چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ اور نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی ملاقات


جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس منصور علی شاہ کے چیمبر میں بھی گئے،ذرائع
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ اور نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی ملاقات ہوئی ہے۔ چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نےنامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کومبارکباد پیش کی۔
ذرائع کے مطابق چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ اور نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی ملاقات چیف جسٹس چیمبر میں ہوئی، جسٹس یحییٰ آفریدی نے مقدمات کی سماعت کے بعد چیف جسٹس سےدوسری ملاقات بھی کی۔ دونوں ججز میں پہلی ملاقات آج مقدمات کی سماعت سے قبل ہوئی۔
نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی اس سے قبل جسٹس منصور علی شاہ کے چیمبر میں بھی گئے، نامزد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو ان کےچیمبر کے اسٹاف نے بھی مبارکباد دی۔
وزارت قانون وانصاف نے صدر مملکت کی منظوری سے جسٹس یحیٰی آفریدی کا بطور چیف جسٹس تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ وزارت قانون وانصاف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق جسٹس یحییٰ آفریدی کی بطور چیف جسٹس تعیناتی 26 اکتوبر 2024 سے3 سال کیلئے ہوگی۔
اس سے قبل صدر مملکت آصف علی زرداری نے نئے چیف جسٹس کی تعیناتی کی سمری پر دستخط کر دیئے تھے۔ صدر کی توثیق کے بعد جسٹس یحیی آفیریدی نئے چیف جسٹس بن گئے۔
جسٹس یحییٰ آفریدی کو خصوصی پارلیمانی کمیٹی نے دو تہائی اکثریت سے نامزد کیا تھا ۔ نئے چیف جسٹس کی مدت زیادہ سے زیادہ تین سال اور عمر کی حد 65 برس ہوگی ۔ پچیس اکتوبر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا عہدے پر آخری روز ہے۔