ٹک ٹاکر دانیہ شاہ کے شوہر یوٹیوبر حکیم شہزاد کو کیوں گرفتار کیا گیا؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نجی کالج کی طالبہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف نفرت آمیز باتیں کرنا ٹک ٹاکر دانیہ شاہ کے شوہر یوٹیوبر حکیم شہزاد کو مہنگا پڑ گیا۔
بعض سوشل میڈیا رپورٹس کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ ملتان نے یوٹیوبر حکیم شہزاد کو گرفتار کرلیا ہے۔
ملتان شجاع آباد کے نواحی علاقہ کے رہائشی معروف یوٹیوبر حکیم شہزاد نے نجی کالج کی طالبہ کے حوالے سے اپنی ویڈیوز میں گمراہ گن افواہیں پھیلائیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے سے نفرت آمیز ویڈیوز سوشل میڈیا پر اپلوڈ کیں، جس پر انہیں گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ایف آئی اے ملتان سرکل نے حکیم شہزاد کو گرفتار کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔
یاد رہے حکیم شہزاد ڈاکٹر عامر لیاقت مرحوم کی بیوہ دانیہ شاہ کے شوہر ہیں،انہوں نے رواں سال جولائی میں دانیہ شاہ سے شادی کی تھی۔