شادی کی خواہشمند لڑکیوں کو اسما عباس نے کیا مشورہ دیا؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سینیئر اداکارہ اسما عباس کا کہنا ہے کہ زندگی میں کوئی بھی فیصلہ کرنے سے پہلے اپنی حدود طے کریں۔
اداکارہ اسما عباس نے حال ہی میں ملیحہ رحمان کے یو ٹیوب شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے کامیاب شادی کے حوالے سے نوجوان نسل کے ساتھ قیمتی مشورے شیئر کیے۔
اسما عباس کا کہنا تھا کہ وہ نوجوان نسل کو بتانا چاہتی ہیں کہ کوئی بھی فیصلہ کرنے سے پہلے آپ حدود طے کریں اور اپنے شریک حیات کی اچھی اور بری دونوں خصلتوں کو پہچانیں پھر سمجھداری سے فیصلہ کریں، کیونکہ اگر آپ میاں بیوی کو معمولی خرابیوں پر چھوڑ دیں گے تو آپ کتنی شادیاں کریں گے؟
اداکارہ نے زور دیا کہ کچھ بھی کامل نہیں ہے اس لیے اپنے شریک حیات کی مثبت خصوصیات کو تسلیم کرنے کی کوشش کریں کیونکہ اگلا شریک حیات پچھلے سے بدتر ہو سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنے آپ کو پرسکون کرنے کے بعد اپنے شریک حیات سے بات کریں۔ آپ کو غصے میں نہیں بولنا چاہیے، اور یہ مردوں اور عورتوں دونوں کو سیکھنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کل کی لڑکیاں بھی کافی ہوشیار ہیں، ان میں طنزہے اور وہ سخت الفاظ استعمال کرتی ہیں لیکن ہمارے زمانے میں ایسا نہیں تھا۔
اسما عباس کے مطابق مرد بہت بدتمیز ہوتے ہیں اس لیے وہ لڑکیوں سے کہتی ہیں کہ آپ کو بدسلوکی والے رشتے میں رہنے کی ضرورت نہیں ہے، اگر آپ کا شوہر آپ کو مارتا ہے اور آپ کو گالی دیتا ہے، تو پیچھے مڑ کر نہیں دیکھنا۔
اسما عباس ایک شاندار پاکستانی اداکارہ ہیں جو مقبول ڈراموں میں اپنی شاندار اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں، ان کے قابل ذکر ڈرامے دمپخت، اکبری اصغری، خمار، دلدل، رانجھا رانجھا کردی، چپکے چپکے، چوہدری اینڈ سنز، جی ٹی روڈ، ردّ اور دیگر ہیں۔ حال ہی میں ہم ٹی وی کے مشہور ڈرامہ سیریل من جوگی میں ان کی تعریف کی جا رہی ہے۔ اداکارہ اس وقت بے بی باجی کی بہویں میں نظر آ رہی ہیں۔