’عمران خان کی نہیں ڈونلڈ ٹرمپ کی بات ہورہی ہے‘، مفتی مینک کی ویڈیو نے سب کو پریشان کردیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سوشل میڈیا سے عالمی شہرت پانے والے مذہبی اسکالر مفتی اسماعیل مینک کا ایک بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ ایک ملک میں ایک سیاستدان ہے جو اقتدار میں آیا اور لوگ اس کے بارے میں کہتے ہیں کہ وہ بہت اچھا انسان ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں بھی یہی سمجھتا ہوں کہ وہ بہت اچھا انسان ہو گا لیکن اس میں ایک بہت بڑی خامی ہے جو اس کی زبان ہے، انہیں کسی نے اس بارے میں نہیں بتایا۔
ویڈیو میں ان کا مزید کہنا تھا کہ جب بھی وہ سیاستدان بولتا ہےتو دوسرے سیاستدانوں کی سرِعام تذلیل کرتا ہے اس لیے آپ جتنے چاہے اچھے کام کرلیں لیکن دوسروں کو موقع نہ دیں کہ وہ آپ کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں اور شدید مخالف بن جائیں، آپ اپنی زبان سے ہی لوگوں کو اکساتے ہیں کہ وہ آپ کو نکال باہر کریں، کیونکہ آپ غیرضروری بول رہے ہوتے ہیں اور یہی آپ کا مسئلہ ہے۔
مفتی مینک کا کہنا تھا کہ جب آپ دوسروں کی سرعام تذلیل کریں گے تو بااختیار لوگوں کو جب بھی موقع ملے گا وہ اٹھ کھڑے ہوں گے اور یقینی بنائیں گے کہ آپ کو سدھاریں اس لیے اگر آ پ واقعی مسائل کا حل چاہتے ہیں تو اپنی زبان ٹھیک کریں، اچھے الفاظ ادا کریں جیسے آپ یوں کہیں کہ میں آپ سے اتفاق نہیں کرتا لیکن میں آپ کا احترام کرتا ہوں۔
مفتی مینک کی ویڈیو وائرل ہوئی تو پی ٹی آئی مخالفین نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ مفتی مینک کا یہ بیان عمران خان سے متعلق ہی ہے۔ اور پی ٹی آئی کے حامی اور مخالف صارفین آمنے سامنے آ گئے ہیں۔
باسط علوی نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ مفتی مینک کے برے دن شروع ہو گئے۔
ایک صارف نے سوال کیا کہ کیا مفتی مینک بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بارے میں بات کر رہے ہیں؟
شانی نامی صارف نے لکھا کہ ایسا لگ رہاہے جیسے مفتی مینک سابق وزیراعظم عمران خان کی بات کر رہے ہیں۔
غزالہ طلعت لکھتی ہیں کہ مفتی میںنک کے پی ٹی آئی کے ہاتھوں برے دن آنے والے ہیں لیکن مفتی مینک جیسے لیجنڈ سکالر کو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔
حنا سرور نے لکھا کہ عالمی شہرت یافتہ عالم دین مفتی مینک نے بھی دنیا کو عمران خان کی اصلیت بتا دی اور کہا اس وقت عمران خان کی ساری حمایت مغربی میڈیا میں آپریشن گولڈسمتھ کے تحت کی جا رہی ہے۔عمران خان گولڈسمتھ کا مہرہ ہے۔ انہوں نے مزید لکھا کہ کاش یہ بات ہمارے علماء خاص کر مولانا طارق جمیل صاحب بھی سمجھ جاتے۔
اطہر سلیم نے کہا کہ اب پی ٹی آئی کے حامی صارفین مفتی مینک کو بھی گالیاں دیں گے حالانکہ انہوں نے حقیقت پر مبنی بات کی ہے اور وہ بالکل عمران خان پر فِٹ بیٹھتی ہے۔
وقار خان نے مفتی مینک کی ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ مفتی مینک ٹرمپ کی زبان کی طرف اشارہ کر رہے ہیں جب ڈبیٹ کے دوران انہوں نے اپنے سارے مخالفین کے الٹے نام رکھتے ہوئے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا لیکن ن لیگ کے حامی صارفین نے اسے بنا کسی ثبوت کے عمران خان کے ساتھ نتھی کر دیا۔