دِھی رانی پروگرام کیا ہے، درخواست کے لیے کن شرائط کو پورا کرنا ضروری ہوگا؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے صوبہ بھر میں دھی رانی پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے۔ محکمہ سوشل ویلفیئر نے وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر پنجاب میں دھی رانی پروگرام کے تحت اجتماعی شادیوں کے پورٹل کا بھی آغاز کردیا ہے۔ ابھی تک اجتماعی شادیوں کے لیے 135 درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جس میں 15 درخواستیں لاہور سے موصول ہوئی ہیں۔
محکمہ سوشل ویلفیئر اگلے ماہ نومبر میں 3 ہزار اجتماعی شادیاں کرائے گا، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے سلامی دی جائے گی جبکہ جہیز میں ضروری سامان بھی دیا جائے گا۔ اجتماعی شادیوں کے اس سب سے بڑے اور تاریخی پروگرام کا آغاز 30 نومبر 2024 کو ہوگا۔
درخواست دینے کے لیے کن شرائط کو پورا کرنا ہوگا؟
’پنجاب دھی رانی پروگرام‘ میں دراخوست دینے والوں کو سب سے پہلے یہ ثابت کرنا ہوگا کہ وہ پنجاب کے شہری اور رہائشی ہیں، اس کے لیے نادار سے جاری کردہ ڈومیسائل پیش کرنا ضروری ہوگا۔
پروگرام کے تحت 18 سے 40 سال کی عمر کی غریب، یتیم، معذور لڑکیاں یا کسی معذور شخص کی بیٹیاں دراخوست دینے کی اہل ہوں گی۔ دھی رانی پروگرام میں لڑکی کی پہلے سے طے شدہ شادی کی تصدیق بھی ضروری ہوگی۔ درخواست دلہن کے والد، والدہ، سرپرست یا دلہن خود جمع کروا سکتی ہے۔
دھی رانی پروگرام صرف ان خواتین کے لیے ہے جو ابھی تک شادی شدہ نہیں ہیں، اگر شادی کی تقریب پہلے ہی انجام پاچکی ہے تو وہ اس پروگرام میں دراخوست دینے کی اہل نہیں ہوں گی۔ دھی رانی پروگرام میں ایک بیان حلفی بھی دینا ہوگا جس میں تصدیق کی جائے گی کہ آپ غیرشادی شدہ ہیں اور اجتماعی شادی کی تقریب میں حصہ لینے کے لیے تیار ہیں۔
اگر پنجاب بھر سے زیادہ درخواستیں موصول ہوتی ہیں تو محکمہ سوشل ویلیفیر الیکٹرونک قرعہ اندازی کے ذریعے شرکا کا انتخاب کرے گا اور خوش نصیبوں کو بذریعہ ایس ایم ایس مطلع کیا جائے گا۔
درخواست دینے کا طریقہ کار
دھی رانی پروگرام میں دراخوستیں جمع کرانے کا سلسلہ 5 نومبر تک جاری رہے گا، پروگرام میں رجسٹریشن کے لیے ویب پورٹل http://cmppunjab.com پر آن لائن دراخوست جمع کرائی جاسکتی ہے، جس میں درخواست دہندہ کا نام، جنس، کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ نمبر، ضلع اور تحصیل کا نام، ای میل ایڈریس اور رابطہ نمبر لازمی طور پر درج کرنا ہوگا۔
دراخوست گزار اپنی درخواستیں اپنے ضلع کے ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلیفر کے دفتر میں جاکر بھی جمع کروا سکتے ہیں۔ شہری دھی رانی پروگرام سے متعلق مزید تفصیلات کے لیے 1312 ہیلپ لائن پر بھی رابطہ کرسکتے ہیں۔
دھی رانی پروگرام کے تحت نئے جوڑے کو کیا کچھ ملے گا؟
خوش نصیب درخواست دہندگان کو حکومت کی طرف سے 2 لاکھ 6 ہزار روپے کا جہیز کا سامان دیا جائے گا جس میں ڈبل بیڈ بمعہ میٹریس، ڈنر سیٹ، آئینہ، قرآن پاک اور جائے نماز شامل ہے۔ اس کے علاوہ 20 مہمانوں کے لیے کھانا بھی دیا جائے گا۔
شادی کی تقریب کے دن وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی طرف سے دلہا اور دلہن کو ایک لاکھ روپے کی سلامی بذریعہ اے ٹی ایم ان کے اکاؤنٹ میں منتقل کردی جائے گی تاکہ دلہا اور دلہن ایک بہتر انداز میں اپنی نئی زندگی کا آغاز کرسکیں۔