عمران خان نے فضل الرحمان کے کردار پر تحفظات کا اظہار کیا ہے، شعیب شاہین


عمران خان نے نئے چیف جسٹس یحیی آفریدی کی تعیناتی پر نہیں بلکہ آئینی ترمیم پر افسوس کا اظہار کیا
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پی ٹی آئی رہنما شعیب شاہین کہتے ہیں کہ عمران خان نے مولانا فضل الرحمان کے کردار پر تحفظات کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم کے اس طرح پاس ہونے کی مذمت کرتے ہیں، جہاں قانون پر عمل درآمد نہ ہو وہاں عدم استحکام ہی رہتا ہے۔
یہ بات عمران خان کے وکیل و رہنما شعیب شاہین اور فیصل چوہدری نے عمران خان سے ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
شعیب شاہین کا کہنا تھا کہ جسٹس گل حسن کے حکم کی وجہ سے آج بشریٰ بی بی رہا ہوئیں، ان کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، اسلام آباد ہائی کورٹ نے آج ایک بڑا فیصلہ کیا، عدالت نے کہا وکلاء سے ملاقات نہ کرانا انصاف کی فراہمی میں رکاوٹ ہے، عمران خان کے حوصلے بلند ہیں اور ان کی وکلاء اور اہل خانہ سے ملاقات کرانا لازمی تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملاقاتوں پر پابندی بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، عمران خان کے سیل کی پانچ روز بجلی بند رہی، بانی پی ٹی آئی کو اخبار فراہم نہیں کیا جارہا، بانی پی ٹی آئی کو آج ایکسرسائز مشین دوبارہ فراہم کی گئی ہے، بانی پی ٹی آئی کی دونوں بہنوں کو ابھی تک ضمانت نہیں ملی، بشریٰ بی بی کی طرح عنقریب بانی پی ٹی آئی بھی جیل سے باہر ہوں گئے۔
فیصل چوہدری نے کہا کہ ہم میاں گل حسن اورنگزیب کو مبارکباد دیتے ہیں ان کے فیصلے سے بشریٰ بی بی گھر پہنچ گئی ہیں، عمران خان کے حوصلے بلند ہیں ن کو معلوم نہیں تھا کہ بشری بی بی کو ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے، بانی پی ٹی آئی کے ڈیتھ سیل کی پانچ دن بجلی بند رکھی گئی، اخبارات اور ٹی وی کی سہولت بند ہے، عمران خان کی ایکسرسائز کی مشین 20 دنوں بعد آج ملی ہے، انھوں نے توہین عدالت کیس بانی پی ٹی آئی کو انڈر پریشر کرنے کے لیے کیا۔
فیصل چوہدری کا کہنا تھا کہ ان حرکتوں پر بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ پوری دنیا میں اپنا تماشا بنا رہے ہیں، مارشل لا کے دور میں بھی ایسا نہیں ہوا ان کی بہنوں کو اٹھالیا گیا اور ضمانتیں بھی نہیں ہورہیں، آج عمران خان کو بشریٰ بی بی کی رہائی کی خبر سنائی اس پر مطمئن رہے ان سے تین ہفتوں میں دوسری ملاقات ہوئی ہے عمران خان کو جن حالات میں رکھا گیا اس کی مذمت کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے سیل کی 12 12 گھنٹے بجلی چلی جاتی تھی، بانی پی ٹی آئی کی شیو بڑھی ہے وہ ہائی اسپرٹ میں ہیں، جو ترامیم پاس ہوئی بانی پی ٹی آئی نے اس کی مذمت کی ہے، بانی پی ٹی آئی کو 26 ترمیم کا علم نہیں تھا، بانی پی ٹی آئی نے نئے چیف جسٹس یحیی آفریدی کی تعیناتی پر افسوس کا اظہار نہیں کیا انھوں نے آئینی ترمیم پر افسوس کا اظہار کیا۔