ڈی آئی خان؛ فورسز کے قافلے پر فتنۃ الخوارج کے دہشتگردوں کا حملہ، 10 اہلکار شہید


درازندہ کے قریب نامعلوم مسلح دہشت گردوں نے بھاری اور جدید ہتھیاروں سے حملہ کیا
ڈیرہ اسماعیل خان(قدرت روزنامہ)ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکورٹی فورسز کے قافلے پر فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کے حملے میں 10 اہل کار شہید اور 3 زخمی ہو گئے۔
اطلاعات کے مطابق سکیورٹی فورسز کا قافلہ ڈی آئی خان سے تھانہ درازندہ کی حدود میں امن میلہ کے قریب زام چیک پوسٹ کی طرف جارہا تھا کہ اچانک فتنۃ الخوارج کے مسلح دہشت گردوں نے بھاری اور جدید ہتھیاروں سے حملہ کر دیا۔
واقعے کے بعد جائے وقوع پر سکیورٹی فورسز اور پولیس کی بھاری نفری روانہ کر دی گئی جب کہ حملے میں شہدا کی لاشوں اور زخمیوں کو سی ایم ایچ ڈیرہ منتقل کیا گیا۔
دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونےو الوں میں نائب صوبیدار محمد جان ، نائیک عارف، لانس نائیک سعید الرحمن، سپاہی اخون زادہ، سپاہی حضرت اللہ، سپاہی مشتاق، سپاہی عبد الصمد، سپاہی عمران، سپاہی بصیر مہتاب شامل ہیں جب کہ زخمیوں میں نائیک حمزہ نور، سپاہی حسن، سپاہی صابر ایوب شامل ہیں۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کے حملے میں 10 ایف سی کے جوانوں کی شہادت پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ صدر مملکت نے دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی اور شہید جوانوں کے جذبہ حب الوطنی اور بہادری کو سراہا۔ انہوں نے شہید جوانوں کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئے بلندی درجات اور صبر کی دعا کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ضلع بنوں میں دہشتگرد حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے درازندہ میں خوارجی دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے فرنٹیئر کانسٹیبلری کے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
شہباز شریف نے ضلع بنوں میں دہشت گرد حملے میں 2 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر بھی اظہار افسوس کرتے ہوئے شہدا کی بلندی درجات کی دعا اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پر عزم ہیں۔ پوری قوم شہدا کو سلام پیش کرتی ہے۔
دریں اثنا وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے میں ایف سی چیک پوسٹ پر خوارجی دہشتگردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے بنوں میں ایس ایچ او تھانہ جانی خیل کی گاڑی اور کوہاٹ میں سب انسپکٹر پر فائرنگ کے واقعات کی بھی مذمت کی اور حملے میں شہید ایف سی کے 10 اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔