چین چاہتا ہے کہ شہریوں پرحملوں میں ملوث افراد کیفرکردارتک پہنچ جائیں، سفیر جیانگ ژی ڈونگ


دہشتگردی کا شکار ہونے والے چینی شہری معصوم ہیں اور وہ پاکستان کی ترقی کیلیےمنصوبوں پرکام کررہے ہیں، چینی سفیر
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان میں تعینات چینی سفیر نے کہا ہے کہ چین چاہتا ہے کہ چینی شہریوں پرحملوں میں ملوث افراد کیفرکردارتک پہنچ جائیں، پاکستانی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں چینی رہنماؤں نے اس عزم کا اظہارکیاکہ وہ دہشتگردی کوجڑسے اکھاڑیں گے۔
پاکستان میں تعینات چینی سفیرجیانگ ژی ڈونگ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ایس سی او کا انعقاد کامیاب رہا۔ انہوں نے کہا کہ چار ماہ کے اندر چین اور پاکستان کے رہنماؤں کی دوبارہ ملاقات ہمارے قریبی تعلق کا اظہار ہے جبکہ چینی وزیراعظم کے دورے میں متعدد اہم ایم او یوز پردستخط ہوئے۔
سفیر نے کہا کہ چینی وزیراعظم نے وزیراعظم شہبازشریف کے ہمراہ گوادر کے جدید ائیرپورٹ کا افتتاح کیا، ایس سی اوکے موقع پر چینی وزیراعظم نے صدر، وزیراعظم، اسپیکر اور چیئرمین سینیٹ سے ملاقاتیں کیں جبکہ چینی وزیراعظم لی جیانگ نے آرمی چیف اور دیگر سیکیورٹی عہدیداروں سے بھی ملاقاتیں کیں۔
انہوں نے کہا کہ چینی وزیراعظم نے ان ملاقاتوں میں چینی شہریوں کے تحفظ کی بات کی کیونکہ چین چاہتا ہے کہ چینی شہریوں پرحملوں میں ملوث افراد کیفرکردارتک پہنچیں، پاکستان میں دہشتگردی کا شکارہونے والے چینی شہری معصوم ہیں چینی شہری پاکستان کی ترقی کیلیےمنصوبوں پرکام کررہے ہیں۔
چینی سفیر نے کہا کہ چینی شہریوں پر ہونے والے حملوں کی پاکستان میں زندگی کے تمام مکاتب فکر نے مذمت کی۔ ملاقاتوں میں چینی رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑیں گے۔
پاکستانی رہنماؤں نے عزم ظاہرکیا کہ وہ چینی شہریوں پرحملوں کی بھرپورتحقیقات کریں گے دہشتگردی سے لڑکرقربانیاں دینے والی پاکستانی فوج اورپولیس کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں۔