امریکی سرپرستی میں اسرائیل پورے خطے پر جنگ مسلط کرنا چاہتا ہے، حافظ نعیم


ایران پر فضائی حملہ ناجائز صہیونی ریاست کی توسیع پسندانہ سوچ کا ثبوت ہے، امیر جماعت اسلامی پاکستان
لاہور(قدرت روزنامہ)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ امریکی سرپرستی میں اسرائیل پورے خطے پر جنگ مسلط کرنا چاہتا ہے۔
ایران پر اسرائیلی حملے کے حوالے سے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ صہیونی ریاست کے ایران پر فضائی حملے انتہائی قابل مذمت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل امریکا کی سرپرستی میں پورے خطے کو جنگ میں مبتلا کرنا چاہتا ہے۔
سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم پر اپنے بیان میں امیر جماعت کا کہنا تھا کہ ایران پر فضائی حملہ ناجائز ریاست کی توسیع پسندانہ سوچ کا ثبوت ہے۔ صہیونی ریاست کے قیام کے پہلے دن ہی سے مشرق وسطیٰ انتشار اور بے یقینی کا شکار ہے۔ اس فتنے سے نمٹنے کے لیے مسلم ممالک کو متحد ہونا پڑے گا۔