ودیا بالن مادھوری کیساتھ ڈانس کرتے ہوئے اسٹیج پر گرگئیں، ویڈیو وائرل


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بالی وڈ کی ورسٹائل اداکارہ ودیا بالن ایک تقریب کے دوران مادھوری ڈکشت کے ہمراہ رقص کرتے ہوئے اسٹیج پر گر پڑیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی وڈ کی دو منجھی ہوئی اداکارائیں مادھوری ڈکشت اور ودیا بالن ممبئی میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں اسٹیج پر فلم بھول بھلیا کے مشہور گانے ‘آ می جے تومار’ پر ڈانس کر رہی تھیں کہ ودیا لڑکھڑا گئیں۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گانے پر پرفارم کرتے ہوئے جب ودیا گریں تو انہوں نے یہ محسوس ہی نہ ہونے دیا کہ کچھ غیر معمولی ہوا ہے اوروہ انتہائی خوبصورتی سے خود کو سنبھالتے ہوئے ڈانس کرتی رہیں۔
اسی دوران مادھوری ڈکشٹ بھی رقص کرتے ہوئے ودیا بالن کی مدد کو آئیں لیکن کمال بات یہ ہے کہ دونوں میں سے کسی نے بھی مداحوں کو محسوس نہیں ہونے دیا اور رقص جاری رکھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ودیا بالن نے مادھوری ڈکشت کے ساتھ پرفارمنس کے حوالے سے کہا کہ وہ ہمیشہ مادھوری کے ساتھ ڈانس کرنا چاہتی تھیں، جب سے ان کا مشہور گانا ’ایک دو تین‘ آیا تھا، آج ان کے ساتھ ڈانس کرنے کا میرا خواب پورا ہوا۔
ڈانس کے دوران گرنے کے واقعے پر ودیا نے کہا یقیناً میں گرگئی تھی لیکن جس طرح مادھوری نے اس صورتحال کو ہینڈل کیا وہ واقعی مادھوری ڈکشت ہیں۔
واضح رہے کہ مادھوری اور ودیا بالن کی نئی فلم بھول بھلیا 3 یکم نومبر کو ریلیز ہونے جارہی ہے، اس فلم میں کارتک آریان، ترپتی ڈمری، راجپال یادیو اور سنجے مشرا سمیت دیگر فنکار شامل ہیں۔