ٹیکس کیلئے کسی کو ہراساں نہیں کیا جائیگا، نان فائلر گاڑیاں اور جائیدادیں نہیں خرید سکے گا: وزیر خزانہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ٹیکس کے لیے کسی کو ہراساں نہیں کیا جائے گا۔
واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ نان فائلر گاڑیاں اور جائیدادیں نہیں خرید سکے گا، نان فائلر سے متعلق ہمیں قانونی کور کی ضرورت ہے، ہم نان فائلر کی اصطلاح ہی ختم کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا میں اسٹیک ہولڈرز سے ملاقاتیں مثبت رہیں، اسٹیک ہولڈرز نے پاکستان میں مہنگائی میں کمی کو سراہا ہے۔
انہوں نے کہا تمام ریٹنگ ایجنسیاں کہہ رہی ہیں کہ پاکستان درست معاشی سمت پر گامزن ہے، ورلڈ بینک پاکستان کو قرض نہیں گرانٹ دے گا، آئی ایم ایف کے ساتھ تعمیری بات چیت ہوئی ہے۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ کوشش ہوگی ہمارا آئی ایم ایف کے ساتھ آخری پروگرام ہو، ہمارے اقدامات کی وجہ سے ملک میکرو اکنامک استحکام کی جانب گامزن ہے، معیشت کی بہتری کے لیے ہمیں مشکل فیصلے کرنا ہوں گے۔