کے پی اسمبلی میں مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کیخلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور


وزیر قانون آفتاب عالم نے مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کی قرارداد اسمبلی میں پیش کی
پشاور(قدرت روزنامہ)خیبر پختونخوا اسمبلی میں مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔
ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی کی صدارت میں خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں 14 ارکان شریک تھے۔ وزیر قانون آفتاب عالم نے مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کی قرارداد اسمبلی میں پیش کی۔
قرارداد کے متن کے مطابق ہندوستان کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں، 35 سالوں سے حق خودارادیت مانگنے کی پاداش میں ایک لاکھ کشمیری مسلمانوں کو شہید کیا گیا۔
پیش کی گئی قرارداد میں کہا گیا کہ عالمی برادری بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے، ہم مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہندوستان کی جارحیت کا مقابلہ کریں گے۔
ایوان مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی جدوجہد قربانیوں کا سلام پیش کرتا ہے، ہندوستان کی 9 لاکھ فوج کی تعیناتی اور کالے قوانین کے ذریعے کشمیریوں کے قتل عام کی مذمت کی جاتی ہے۔
قرارداد کی منظوری کے بعد کے پی اسمبلی کا اجلاس کل 3 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔