کشمیر اشتہارات اور نعرے بازی سے نہیں جہاد سے آزاد ہوگا، حافظ نعیم
27 اکتوبر کو ایک اشتہار دے کر حکومت اپنی ذمہ داری سے عہدہ برآ نہیں ہو سکتی، امیر جماعت اسلامی پاکستان
لاہور(قدرت روزنامہ)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کشمیر اشتہارات اور نعرے بازی سے نہیں جہاد سے آزاد ہوگا۔
حافظ نعیم الرحمن نے منصورہ لاہور میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی مال و جان کو اللہ کے راستے میں خرچ کریں، ہر ممکن کوشش سے انقلاب برپا کریں۔
انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں نے فلسطین وکشمیری تحریک کےلیے جانیں قربان کردیں، سید علی گیلانی کی آدھی عمر جیل میں گزری، اس شخص نے پاکستان کی آزادی کی تکمیل کےلیے قربانیاں دیں ، یحیی سنوار کی شہادت ہوئی، اسرائیل و امریکہ ان سے خوف کھانے لگا، اسرائیل نے غزہ کو ملبے کا ڈھیر بنادیا لیکن غزہ و حماس کی طاقت کو توڑ نہ سکا، فلسطینی ڈٹ کر کھڑے ہیں، فلسطین آزاد نہ ہوا لیکن اسماعیل ہنیہ خاندان کے خون سے نئی صبح ضرور آئے گی۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ 27 اکتوبر کو ایک اشتہار دے کر حکومت اپنی ذمہ داری سے عہدہ برآ نہیں ہو سکتی، ٹیلی فون کے میسیج سے کشمیریوں کو ان کا حق نہیں دے سکتے، کشمیر جہاد کے ذریعے ہی آزاد ہوگا اگر مذاکرات سے مسئلہ حل ہوتا تو کب کا حل ہوجاتا، حکومت و فوج واضح کرے کشمیر پر کیا پالیسی ہے، نعرے بازی سے نہیں عمل سے بات کریں۔
انہوں نے کہا کہ طاقتور ممالک قابض فوج کا ساتھ دیتے ہیں، امریکی و بھارتی دنیا کے سامنے فراڈ کرتے ہیں، جو آزادی کےلئے لڑتے ہیں انہیں دہشت گرد قرار دیتے ہیں۔
حافظ نعیم نے کہا کہ جو مودی سے دوستی کی باتیں کرتے ہیں قوم انہیں عبرت کا نشان بنا دے گی، میاں صاحب کہتے ہیں کشمیریوں کی آزادی کے بغیر بھارت سے پینگیں بڑھائیں گے، میاں صاحب یہ دوستیاں افغانستان سے کیوں نہیں کرتے، اپنے چھوٹے بھائی سے کیوں نہیں کہتے کہ پاک افغان تعلقات بہتر بنائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ باجوہ صاحب نے بانی پی ٹی آئی دورمیں کشمیر کا سودا کیا، کشمیر کا اسپیشل اسٹیٹس ختم کرنے میں پاک فوج اصل حقائق قوم کے سامنے لائے، یہ اس کی ذمہ داری ہے ۔