اسلام آباد اور پشاور ایئر پورٹس پر منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام، 2کلو سے زائد آئس برآمد
اے ایس ایف نے کارروائی کرتے ہوئے 2ملزمان کو گرفتار کرلیا
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)اے ایس ایف نے اسلام آباد اور پشاور ایئر پورٹس پر بھاری مقدار میں منشیات کی اسمگلنگ ناکام بناتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کرکے مجموعی طور پر 2کلو 376 گرام آئس منشیات برآمد کرلی۔
اے ایس ایف کے عملے نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر دوحہ جانے والی پرواز کے مسافر سے 1.166 کلو گرام آئس برآمد کی، مسافر شیر خان نے آئس ٹرالی بیگ کی تہوں میں چھپا رکھی تھی جسے گرفتار کر لیا گیا۔
اسی طرح، پشاور ایئرپورٹ پر جدہ جانے والی پرواز کے مسافر سے 1.210 کلو گرام آئس برآمد کی گئی، مسافر اقبال حسین نے آئس منشیات اندرسوں (مٹھائی) میں چھپا رکھی تھی۔
اے ایس ایف کا کہنا تھا کہ ملزمان کو ابتدائی تفتیش کے بعد مزید قانونی کارروائی کے لیے برآمد شدہ منشیات کے ساتھ اے این ایف کے حوالے کر دیا گیا۔