اسلام آباد میں جعلی رسیدیں جاری کرنے پر 2 ریسٹورنٹس سیل

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ایف بی آر نے ٹیئر1 ریٹیلرز/ریسٹورنٹس کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے پوائنٹ آف سیل (POS) انوائسنگ سسٹم کے ذریعے شامل کرنے کی مہم کا آغاز کردیا۔ اور پوائنٹ آف سیل ٹریکنگ سافٹ ویئر کے ذریعے جعلی رسیدوں کی تصدیق کے بعد اسلام آباد میں 2 ریسٹورنٹس کو سیل کر کے پانچ، پانچ لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔
واضح رہے کہ ایف بی آر 25 اکتوبر سے پوائنٹ آف سیل انعامی سکیم شروع کرچکا ہے۔ سکیم کے تحت ٹیکس آسان ایپ کے ذریعے جعلی رسیدوں کے بارے میں ایف بی آر کو مطلع کرنے والے شہری/ صارفین کو نقد انعامات دیئے جائیں گے۔ جعلی رسیدوں کی تصدیق کے بعد ایف بی آرجیتنے والے صارفین کے بینک اکاؤنٹس میں نقد انعامات براہ راست منتقل کرے گا۔
پہلے مرحلہ میں یہ سکیم اسلام آباد میں ٹیئر 1 کے ریسٹورنٹس اور اس کے ٹییر I ریٹیلرز کے لئے متعارف کرائی گئی ہے۔
پی او ایس پرائز سکیم کو اگلے ماہ سے پورے ملک تک توسیع دی جائے گی۔
جن ٹیئر 1 ریٹیلرز/ریسٹورنٹس کے خلاف رپورٹ کی جائے گی انہیں جعلی رسیدیں جاری کرنے پر سیل کر دیا جائے گا۔ یہ اہم قدم جعلی رسیدوں کے رجحان کو روکنے کے لیے اٹھایا گیا ہے تاکہ واجب الادا ٹیکس قومی خزانہ میں جمع ہو سکیں۔
ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ وہ ٹیکس قوانین کے موثرنفاذ کے ذریعے ٹیکس کمپلائنس کو یقینی بنانے کے لیے پر عزم ہیں۔