توشہ خانہ کیس میں بشری بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع


بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی نے توشہ خانہ جعلی رسیدوں کے کیس میں ضمانت کے لیے رجوع کررکھا ہے
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے توشہ خانہ جعلی رسیدوں کے کیس میں بشری بی بی کی عبوری ضمانت میں 4 نومبر تک توسیع کرتے ہوئے ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی جبکہ بانی پی ٹی آئی کی تین مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر چار نومبر کو سماعت ہوگی۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکا نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی ۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا بشری بی بی جیل سے رہا ہونے کے بعد بیمار ہیں آج حاضری سے استثنیٰ دیا جائے ، عدالت نے بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے عبوری ضمانت میں توسیع کردی ۔
سلمان صفدر نے کہا آئندہ سماعت پر ضمانت کی درخواستوں پر دلائل دوں گا.عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی تین اور بشریٰ بی بی کی ایک ضمانت کی درخواست پر سماعت 4 نومبر تک ملتوی کردی۔
بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی نے توشہ خانہ جعلی رسیدوں کے کیس میں ضمانت کے لیے رجوع کررکھا ہے جبکہ سابق وزیر اعظم نے توڑ پھوڑ اور احتجاج کے دو مقدمات میں بھی ضمانت کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔