میرا مطلب شان مسعود کو نیچا دکھانا ہرگز نہیں تھا، رمیز راجا کی وضاحت


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیئرمین رمیز راجا نے قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود سے نامناسب سوالات پر وضاحت دے دی ہے۔
یوٹیوب پر اپنے وی لاگ میں رمیز راجا نے کہا کہ کھلاڑیوں سے سوال کرنا ان کا حق ہے، سوال پوچھ کر شان مسعود کو نیچا دکھانا ان کا مقصد نہیں تھا۔ ’کسی نے میرا مکمل انٹرویو نہیں دیکھا تو میں اس بارے بات نہیں کروں گا، شان مسعود میرے بیٹے کی عمر کے ہیں، ان سے بیٹنگ سے متعلق بات ہوتی رہتی تھی۔‘
رمیز راجا نے کہا کہ شان مسعود کی کپتانی میں پاکستان 6 ٹیسٹ میچ ہارا تو میں نے نہیں کہا تھا کہ شان مسعودکو ہٹا دیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ سوشل میڈیا کی باتوں پر دھیان نہیں دیتے،جو لوگ کرکٹ نہیں کھیلے وہ سوشل میڈیا پر کرکٹ پر بات کرتے ہیں، ایسا لگتا ہے پاکستان کرکٹ زندہ ہی سوشل میڈیا پر ہے۔
یاد رہے کہ سابق لیجنڈ بلے باز اور کمینٹیٹر رمیز راجا نے بنگلہ دیش سے ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ سیریز ہارنے اور پھر انگلینڈ کے ہاتھوں پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست کے بعد شان مسعود سے ایک پوسٹ میچ انٹرویو میں سوالات کیے اور ان سے پوچھا کہ آپ نے مسلسل 6 میچ ہارنے کا ریکارڈ کیسے بنایا؟
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے بھی رمیز راجا کے سوالات اور ریمارکس پر عدم اطمینان اور ناراضی کا اظہار کیا، دوسری طرف رمیز راجا کی نا مناسب گفتگو کا نوٹس لیتے ہوئے پی سی بی نے انہیں آئندہ کمینٹری پینل میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔