اگر اب عمران خان کو کوئی تکلیف بھی دی گئی تو پھر ہم پرامن نہیں رہیں گے، علی امین گنڈاپور


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے دھمکی دی ہے کہ اگر اب عمران خان کو کوئی تکلیف دی گئی تو پھر وہ اور ان کی جماعت پرامن نہیں رہیں گے۔
اپنے ایک ویڈیو پیغام میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ علیمہ خان نے عمران خان سے ملاقات کی ہے، ان کے ذریعے معلوم ہوا کہ وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت نے عمران خان کے ساتھ برا رویہ رکھا ہوا ہے، ان کی بجلی بند کی جاتی ہے، انہیں مناسب کھانا نہیں دیا جارہا، ان کو ورزش نہیں کرنے دی جارہی اور جیل میں انہیں ان کے حقوق نہیں دیے جارہے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا، ’میں آپ کو وارننگ دے رہا ہوں، اگر اس کے بعد ہمیں کسی طرح کی بھی شکایت موصول ہوئی خصوصاً اس بارے میں کہ عمران خان کی ملاقاتوں، ان کے کھانے، ورزش یا بجلی بند کرنے سے متعلق کوئی شکایت آئی تو پورے پاکستان کو بند کرکے اس حکومت سے عوام کی جان چھڑائیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ڈی چوک کے بعد ہمارا یہی اگلا قدم ہوگا، آپ کو بھاگنے کا موقع بھی نہیں ملے گا، ہمیں مجبور نہ کیا جائے، ہمارا لیڈر عمران خان اور ہماری پارٹی ہمیشہ پرامن رہی ہے، آپ چاہتے ہیں کہ آپ کے ساتھ وہ کیا جائے جس کے آپ بنیادی طور پر مستحق ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ پارٹی کے اندر وہ لوگ جو میڈیا یا سوشل میڈیا پر فلاسفر بن کر بیٹھے ہیں بزدل اور غدار ہیں، ان کے لیے ہماری پارٹی میں گنجائش نہیں، ہماری پارٹی میں اب وہ لوگ آچکے ہیں جو بہادر ہیں اور نظریے کے ساتھ کھڑے ہیں، یہی لوگ اب پارٹی کا اثاثہ ہیں اور ان لوگوں ہی نے اب آگے آنا ہے، اپنے نظریے کے ساتھ کھڑے رہیں گے، وہ وقت دور نہیں جب ہم اپنی منزل پالیں گے۔