مانسہرہ میں مسافر بس اُلٹنے سے 5 افراد جاں بحق، متعدد زخمی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مانسہرہ میں سڑک پر پھسلن کے باعث مسافر کوسٹر الٹنے سے 5افراد جاں بحق اور 18زخمی ہوگئے۔ کوسٹر گلگت سے راولپنڈی جارہی تھی، مانسہرہ میں کلگان موڑ کے مقام پر حادثے کا شکار ہوگئی۔
ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق گلگت سے راولپنڈی جانے والی کوسٹر، ڈرائیور کو نیند آنے کے باعث مانسہرہ میں کلگان موڑ کے مقام پر حادثے کا شکار ہوگئی، بارش کی وجہ سے سڑک پر پھسلن بھی موجود تھی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹر وے پولیس موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں، مقامی افراد، ریسکیو اور پولیس اہلکاروں نے جاں بحق اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا۔
پولیس کے مطابق زخمی مسافروں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جنہیں کنگ عبداللہ اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ اسپتال منتقل کرنے میں مقامی افراد نے بھی پولیس اور ریسکیو ٹیموں کی مدد کی۔
تاہم، زخمیوں کو طبی امداد فراہم کردی گئی ہے، 2زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ حادثے کا شکار ہونے والے زیادہ ترمسافروں کا تعلق گلگت بلتستان سے ہے۔
واضح رہے 2روز قبل بھی ایک حادثہ پیش آیا، جس میں گلگت بلتستان سے راولپنڈی آنے والی مسافر بس گہری کھائی میں گرنے سے 3 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے، بس میں 34 مسافر سوار تھے۔
اتوار کو گلگت سے راولپنڈی آنے والی مسافر بس شتیال کے قریب شاہراہ قراقرم پر اچانک حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں 3 افراد نے موقع پر ہی دم توڑ دیا، حادثے میں متعدد مسافر زخمی بھی ہوگئے ہیں۔