حکومت نے ملائیشیا کے وزیراعظم کی جیل میں عمران خان سے ملاقات کی خواہش مسترد کردی تھی، زلفی بُخاری


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پی ٹی آئی کے مفرور رہنما زلفی بُخاری نے انکشاف کیا ہے کہ ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی تھی، جسے موجودہ رجیم نے مسترد کر دیا تھا۔
آن لائن میڈیا پلیٹ فارم زیٹیو پر معروف صحافی مہدی حسن کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما زلفی بُخاری نے مزید کہا کہ پارٹی رہنماؤں کو بھی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملنے نہیں دیا جا رہا۔
واضح رہے کہ ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم نے 2 سے 4 اکتوبر 2024 کو پاکستان کا 3 روزہ دورہ کیا تھا۔ اس دوران انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کی تھی۔
شہباز شریف اور انور ابراہیم کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دو طرفہ علاقائی اور عالمی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعاون کو مزید نتیجہ خیز بنانے کے لیے جامع حکمت عملی پر زور دیا تھا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ملائیشین وزیراعظم کو 2025 کے لیے آسیان کی چیئرمین شپ ملنے پر مبارکباد دی تھی۔ انور ابراہیم نے آسیان میں بطور سیکٹورل ڈائیلاگ پارٹنر پاکستان کی مسلسل شراکت داری کا خیر مقدم کیا تھا اور پاکستان اور آسیان کے درمیان روابط اور آسیان میں پاکستان کے کردار کی حمایت کا اظہار کیا تھا۔