برازیل: فٹبال میچ کے دوران جھگڑا، ایک تماشائی کو زندہ جلا دیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)برازیل میں فٹبال میچ کے دوران تماشائیوں کے درمیان جھگڑا ہوا جو خوفناک صورتحال اختیار کرگیا، تصادم کی صورت میں ایک تماشائی کو زندہ جلادیا گیا۔
برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب فٹبال شائقین مقامی فٹبال کلب کروزیرو اور ایتھلیٹیکو پرانانس کا لیگ میچ دیکھنے کے بعد اپنے گھروں کو روانہ ہورہے تھے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اس میچ میں ایتھلیٹیکو نے کروزیریو کو 3-0 سے شکست دی تھی، جیت کی خوشی میں ایتھلیٹیکو کے فین آپے سے باہر ہوگئے اور انہوں نے ہارنے والی ٹیم کے حامیوں پر حملہ کردیا۔
حریف گروپ نے کروزریو کے مداحوں کی بس پر آتش گیر مادہ پھینکا جس سے آگ بھڑک اٹھی، اس کے علاوہ گھر میں تیار کیے گئے بموں اور کِیلوں کا بھی استعمال کیا گیا، تاکہ بس کے ٹائر پھٹ جائیں اور وہ رک جائیں۔
فیڈرل ہائی وے پولیس کے مطابق شائقین کے درمیان تصادم صبح 5 بج کر 20 منٹ پر ہوا۔ دونوں پرستار گروپوں کے درمیان اس سے قبل ستمبر 2022 میں بھی جھڑپ ہوچکی ہے۔
تاہم، حریف گروپ نے لوہے کی سلاخوں سے سر پر وار کرنے کے بعد ایک شخص کو زندہ جلا دیا اور کئی دیگر حامی زخمی ہوئے۔ واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پربھی وائرل ہوئیں۔
واضح رہے برازیل میں فٹبال میچ کے دوران جھگڑوں کے اس طرح کے اکثر واقعات پیش آتے ہیں، اس سے قبل 2019 میں بھی مداحوں کے درمیان جھگڑوں میں درجنوں افراد زخمی ہوئے تھے۔