پاکستانی واٹس ایپ اکاؤنٹس کی ہیکنگ بڑھ گئی، بچا کس طرح جائے؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستانی صارفین کے واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک کیے جانے کی شکایات میں خاصا اضافہ ہوگیا ہے۔
ایف آئی اے کو یکم جولائی سے اب تک ایک ہزار 426 شکایات موصول ہوئی ہیں۔ تاہم یہ تو وہ شکایات ہیں جو رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ اکاؤنٹ ہیک ہونے کے واقعات اس سے زیادہ ہو سکتے ہیں۔
وفاقی ادارے کے اعداد و شمار کے مطابق 1,426 مقدمات درج کیے گئے جن میں سے 549 اکاؤنٹس کو کامیابی سے بحال کردیا گیا ہے۔
ایف آئی اے اس وقت 877 فعال شکایات پر کارروائی کر رہی ہے جن میں سے 817 کی تصدیق ابھی جاری ہے جبکہ 20 غیر حل شدہ کیسز کو اب باقاعدہ انکوائریوں کی طرف بڑھا دیا گیا ہے۔
ان ہیک کیے گئے اکاؤنٹس کی تفصیلات سینیٹ میں جمع کرادی گئی ہیں۔ ایف آئی اے نے یہ بھی نوٹ کیا کہ 40 شکایات ہیں جن کا کوئی جواب یا پیش رفت رپورٹ موصول نہیں ہوئی۔
ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے صارفین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے اکاؤنٹس کو محفوظ رکھنے کے لیے مضبوط حفاظتی طریقہ کار اختیار کریں۔