اسلام آباد

عمران خان کی رہائی کے لیے خط کا مناسب وقت پر جواب دیں گے، میتھیو ملر


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ عمران خان کی رہائی کے لیے کانگریس ارکان کے خط پر مناسب وقت پر جواب دیں گے۔
ترجمان امریکی وزارت خارجہ نے پریس بریفنگ کے دوران تصدیق کی ہے کہ کانگریس ارکان کی جانب سے عمران خان کی رہائی کے لیے حکومتِ پاکستان سے بات کرنے سے متعلق خط موصول ہوگیا ہے۔ ملر نے انسانی حقوق کی پاسداری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جمہوری روایات کی ہمیشہ حمایت کی ہے۔
یاد رہے کہ 23 اکتوبر کو کانگریس کے 60 ارکان نے جوبائیڈن انتظامیہ کو خط لکھا ہے جس میں اڈیالہ جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان سمیت دیگر سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ خط میں بائیڈن حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ پاکستان میں انسانی حقوق اور جمہوریت کی حمایت کرے اور پاکستان سے اس پر بات کریں۔
کانگریس ارکان نے پاکستان میں انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کریک ڈاؤن کے ساتھ ساتھ انتخابات میں مبینہ بے ضابطگیوں کا بھی ذکر کیا ہے۔ کانگریس کے اراکین نے صدر بائیڈن سے کہا کہ وہ عمران خان کی رہائی کے لیے پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو استعمال کریں۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ سکھ رہنما کے قتل کی سازش اور ملزم کی گرفتاری کے لیے بھارتی حکومت سے رابطے میں ہیں۔ 2 ہفتے قبل بھارتی وفد تحقیقات کیلئے امریکا آیا تھا، وفد نے امریکی حکام کو تحقیقات پر تفصیلی بریفنگ دی، ہم نے ملزم کی گرفتاری اور جواب طلبی پر زور دیا۔

متعلقہ خبریں