ہانگ کانگ سکسز ٹورنامنٹ کا یکم نومبر سے آغاز، پاکستان اور انڈیا ایک ہی گروپ میں شامل


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سنسنی خیزی سے بھرپور ہانگ کانگ سکسز ٹورنامنٹ کا آغاز یکم نومبر (جمعہ) سے ہو رہا ہے، جس میں شرکت کے لیے 6 رکنی پاکستانی ٹیم ہانگ کانگ روانہ ہوچکی ہے۔
ہانگ کانگ سکسز ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کپتان فہیم اشرف کی قیادت میں گزشتہ شب براستہ بنکاک، ہانگ کانگ کے لیے روانہ ہوئی۔ ٹیم میں آصف علی، عامر یامین، دانش عزیز، حسین طلعت، شہاب خان اور محمد اخلاق شامل ہیں۔
ہانگ کانگ سکسز ٹورنامنٹ یکم سے 3 نومبر تک کھیلا جائے گا۔ اس ٹورنامنٹ میں شریک 12 ٹیموں کو 4 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پاکستان ٹیم پول ’سی‘ میں انڈیا اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ساتھ شامل ہے۔
پاکستان ٹیم اپنا پہلا میچ یکم نومبر کو یو اے ای اور دوسرا میچ انڈیا سے کھیلے گی۔ ہر گروپ کی 2 ٹاپ ٹیمیں کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ کوارٹر فائنل 2 نومبر جبکہ سیمی فائنل اور فائنل 3 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔
واضح رہے کہ سکسز ٹورنامنٹ 7 سال بعد کھیلا جارہا ہے۔ 2017 میں کھیلے گئے سکسز ٹورنامنٹ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو شکست سے دوچار کیا تھا۔ پاکستان، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ 5، 5 بار ہانگ کانگ سکسز ٹورنامنٹ جیت چکی ہیں۔