کیا صوبائی حکومت نے سکیورٹی کے معاملے کو وفاق کے ساتھ اٹھایا ہے،پشاور ہائیکورٹ کے امن وامان سے متعلق کیس میں ریمارکس
پشاور(قدرت روزنامہ)خیبرپختونخوا میں امن وامان کی ابترصورتحال سے متعلق کیس میں پشاور ہائیکورٹ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ کیا صوبائی حکومت نے سکیورٹی کے معاملے کو وفاق کے ساتھ اٹھایا ہے،کیا وفاق صوبائی حکومت کے خط کا انتظار کرے گا آپ کی اپنی کوئی ذمہ داری نہیں؟
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق پشاور ہائیکورٹ میں خیبرپختونخوا میں امن وامان کی ابترصورتحال سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی،پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس اعجاز انور پر مشتمل 2رکنی بنچ نے سماعت کی، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل اور اسسٹنٹ اٹارنی جنرل عدالت میں پیش ہوئے،جسٹس اعجاز انور نے کہاکہ جنوبی اضلاع میں عدالتوں ججز کی سکیورٹی کی کیا صورتحال ہے،ڈی آئی جی لیگل نے کہاکہ عدالتوں، ججز اور ان کی رہائشگاہوں کی سکیورٹی کو بڑھایا ہے،جسٹس ارشد علی نے کہاکہ کیا صوبائی حکومت نے سکیورٹی کے معاملے کو وفاق کے ساتھ اٹھایا ہے،کیا وفاق صوبائی حکومت کے خط کا انتظار کرے گا آپ کی اپنی کوئی ذمہ داری نہیں؟عدالت وفاق کے جواب سے مطمئن نہیں ہے،جب تک وفاق اپنا کردار ادانہ کرے سکیورٹی مسائل حل نہیں ہوں گے،اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے کہا کہ صوبائی حکومت نے سکیورٹی کے معاملے پر کوئی رابطہ نہیں کیا۔