بادشاہ چارلس اور ملکہ کیملا کا بھارت کا خفیہ دورہ، معاملہ کیا ہے؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوئم اور ان کی اہلیہ ملکہ کیملا حال ہی میں 4 روزہ دورے پر بنگلورو گئے۔ بدھ کو ختم ہونے والا ان کا یہ دورہ خفیہ اور نجی نوعیت کا تھا۔
بھارتی میڈیا کےمطابق بادشاہ چارلس اور ملکہ کیملا نے اپنے دورے کے دوران بنگلورو میں قیام کیا اور اپنا وقت گزارا اور اس سب کو انتہائی خفیہ رکھا گیا۔
شاہی جوڑے کا یہ نجی دورہ 27 اکتوبر کو شروع ہوا۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ وہ بنگلورو میں ایک وسیع و عریض صحت و مراقبہ مرکز میں ٹھہرے۔ اپنی والدہ ملکہ الزبتھ کے انتقال کی صورت میں تخت نشین ہونے کے بعد برطانوی فراماں روا کا یہ پہلا دورہ ہے۔
دونوں اپنے سفر کے دوران ایک مشہور ہولسٹک ہیلتھ سینٹر سوکیا میں ٹھہرے۔ یہ جگہ یوگا اور مراقبے کے سیشنز اور دیگر علاج سمیت تجدید کے علاج کے لیے مشہور ہے۔
شاہی جوڑا ماضی میں بھی 2 مواقع پر مذکورہ مرکز میں رہ چکے ہیں اور اس دوران انہوں نے بشمول آیوروید اور نیچروپیتھی مختلف طریقہ علاج سے استفادہ کیا۔
بادشاہ چارلس اور ملکہ کیملا کے صبح کے معمولات میں یوگا سیشن شامل تھا۔ وہ ایک خاص خوراک پر رہے۔ دونوں نے بڑھتی عمر کے تدارک کے طور پرپھر سے جوان ہونے والا علاج بھی کروایا جس میں علاج کے ساتھ ساتھ مراقبے بھی شامل تھے۔
بادشاہ اور ملکہ نے 30 ایکڑ پر محیط کیمپس میں لمبی سیر اور نامیاتی فارم میں گھومنے کا بھی لطف اٹھایا۔ شاہی جوڑا بدھ کی صبح بنگلورو سے واپس روانہ ہوگیا۔
بادشاہ چارلس نے بھارت کا گزشتہ دورہ کب کیا تھا؟
قابل ذکر بات یہ ہے کہ بادشاہ کا بنگلورو کے مذکورہ مرکز سوکیا کا یہ پہلا دورہ نہیں تھا – وائٹ فیلڈ کے قریب واقع سمیتھانہ ہلی میں واقع بین الاقوامی ہولیسٹک سینٹر میں (اس وقت کے پرنس) چارلس نے سنہ 2019 میں اپنی 71 ویں سالگرہ منائی تھی۔
اس مرکز کو ڈاکٹر اساک متھائی چلاتے ہیں جو ہندوستان کے ان چند افراد میں شامل ہیں جنہیں مئی 2023 میں بادشاہ چارلس کی تاجپوشی کی تقریب میں مدعو کیا گیا تھا۔
کنگ چارلس برسوں سے آیوروید کے قائل رہے ہیں اور اپریل 2018 میں اپنے برطانیہ کے دورے کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ لندن کے سائنس میوزیم میں ایک نئے آیورویدک سینٹر آف ایکسی لینس کے افتتاح کے موقعے پر بھی شریک ہوئے تھے۔ اس مرکز کا مقصد یوگا اور آیوروید پر ثبوت پر مبنی تحقیق کے لیے اپنی نوعیت کا پہلا عالمی نیٹ ورک بنانا ہے۔