تیاریاں مکمل، پی آئی اے کی نیلامی آج ہوگی


بولی میں شرکت کے لیے بلو ورلڈ سٹی کنسورشیم کے سوا کسی اور گروپ نے کاغذات جمع نہیں کرائے
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)نجکاری کمیشن نے پی آئی اے کی بولی کیلئے تیاریاں مکمل کرلیں، بولی کا عمل آج ہوگا، بولی میں شرکت کے لیے بلو ورلڈ سٹی کنسورشیم کے سوا کسی اور گروپ نے کاغذات جمع نہیں کرائے۔
نجکاری کمیشن کے مطابق پی آئی اے کے لیے بولی کھولنے کا عمل آج 6 بج کر 30 منٹ پر کیا جائے گا، کمیشن نے پی آئی اے کی نجکاری کی تاریخ میں توسیع کر کے 31 اکتوبر کردی تھی۔ آئی ایم ایف نے حکومت کو پی آئی اے کی نجکاری کے لیے ستمبر کے آخر تک کا وقت دیا تھا
پی آئی اے کے کل 152ارب روپے کے اثاثہ جات ہیں جن میں جہاز، سلاٹ، روٹس اور دیگر شامل ہیں، پی آئی اے کی مجموعی رائلٹی 202 ارب روپے ہے جس میں سی اے اے اور پی ایس او شامل ہیں، پی آئی اے نے 16 سے 17 ارب روپے وصول کرنے ہیں،
پی آئی اے کے ملازمین کی تعداد 7ہزار 100 ہے جب کہ 2400 سے زائد تعداد یومیہ اجرت پر کام کرنے والوں کی ہے۔
پی آئی اے کے چھ ڈائریکٹر، 37 جنرل منیجر میں سے اکثریت دو عہدوں پر کام کر رہی ہے، پی آئی اے کے مجموعی جی ایم کی تعداد 45 ہے، 37جنرل میجر اپنے فرائض انجام دےرہے ہیں۔ بولی کا عمل 1بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگا جب کہ بولی کھولنے کاعمل 6 بجکر 30 منٹ پر کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے نجکاری کی حتمی منظوری نجکاری کمیشن بورڈ اجلاس سے لی جائے گی، کابینہ نجکاری کمیٹی سے بھی کل قومی ایئرلائن کی نجکاری کی منظوری لی جائے گی، وفاقی کابینہ سے پی آئی اے کی ریزوپرائس کی منظوری سرکولیشن سےحاصل کی جائےگی۔
واضح رہے کہ ادارے کی نجکاری کے لیے بلو ورلڈ سٹی کنسورشیم کے سوا کسی اور گروپ نے تاحال کاغذات جمع نہیں کرائے۔