بلوچستان

وزیر اعلیٰ بلوچستان کی سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے لندن میں پیش آنے والے واقعہ کی مذمت


خلاقیات سے عاری ملوث عناصر کی دستاویزات اور پاسپورٹ ضبط کرکے ان بد اخلاق جھتوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔میر سرفراز بگٹی
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے لندن میں پیش آنے والے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اخلاقیات سے عاری ملوث عناصر کی دستاویزات اور پاسپورٹ ضبط کرکے ان بد اخلاق جھتوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔
یہاں جاری ایک بیان میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ قاضی فائز عیسیٰ سے بدتمیزی کا واقعہ قابل مذمت ہے سابق چیف جسٹس ایک قابل احترام شخصیت ہیں جن کے خاندان کی ملک و قوم کے لئے قربانیاں ہیں قاضی فائز عیسیٰ اور ان کے خاندان نے اس ملک کو بہت کچھ دیا ہے اور اس ملک پر ان کے احسانات ہیں گزشتہ روز کے واقعہ سے ہر زی شعور فرد کو دکھ اور افسوس ہوا واقعہ میں ملوث عناصر نے عملاً ثابت کیا کہ وہ سیاسی لوگ نہیں بلکہ سیاست کے نام پر بدتمیز جھتے ہیں جن کا اخلاقیات سے دور دور تک کا واسطہ نہیں۔
ان جھتوں نے اخلاقیات اور اقدار کی دھجیاں اڑا دی ہیں قاضی فائز عیسی کا تعلق بلوچستان سے ہے اس لئے حکومت بلوچستان وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ واقعہ میں ملوث عناصر کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف کارروائی یقینی بنائی جائے اور ملوث عناصر کی پاکستانی دستاویزات اور شہریت منسوخ کی جائے ایسے عناصر پاکستان کا اخلاقی اقدار پر مبنی چہرہ مسخ کرکے پیش کررہے ہیں قانون و آئین کی پاسداری کرنے والے افراد کو تضحیک کا نشانہ بنانا ان بد تمیز جھتوں کا وطیرہ ہے ۔
یہ بات واضح ہے کہ ملک کی اعلیٰ عدلیہ کو مخصوص جھتے کے لئے استعمال نہ ہونے دینے کی پاداش میں قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف اس طرح کا رویہ اپنایا جاررہا ہے جو قابل مذمت ہے ایسے جھتوں کو شہہ دینے والے پاکستان میں موجود سہولت کاروں کے خلاف کارروائی بھی ضروری ہے۔وزیر اعلٰی نے کہا کہ قاضی فائز عیسیٰ بلوچستان کے سپوت ہیں ان کی عزت ہمارے دلوں میں ہے پاکستان کے باشعور افراد ان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے، بدتمیز جھتوں کو اپنے کئے کی سزا بھگتنی ہوگی۔

متعلقہ خبریں