نجی کالج میں طالبہ سے مبینہ زیادتی اور موت کی جھوٹی خبر پھیلانے والی خاتون گرفتار


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سوشل میڈیا پر خود کو لاہور کے نجی کالج کی طالبہ کی والدہ ظاہر کرکے طالبہ سے مبینہ زیادتی اور موت کی فیک نیوز پھیلانے والی خاتون گرفتار کرلی گئی ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آرگنائزڈ کرائم یونٹ ماڈل ٹاؤن کی ٹیم نے خود کو لاہور کے نجی کالج کی طالبہ کی والدہ ظاہر کرکے طالبہ سے مبینہ زیادتی اور موت کی فیک نیوز پھیلانے والی ٹک ٹاکر خاتون کو گرفتار کیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون نے اپنے ویڈیو پیغام کے ذریعے عوام الناس کو گمراہ کرنے کی مذموم کوشش کی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے ایس پی آفتاب احمد پھلروان کی سربراہی میں 5 رکنی جے آئی ٹی تشکیل دی گئی، جبکہ ڈی آئی جی عمران کشور کی ہدایت پر ڈی ایس پی چوہدری فیصل شریف اور ان کی ٹیم نے خاتون کو گرفتار کیا ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل لاہور میں ایک نجی کالج کی طالبہ کے ساتھ مبینہ جنسی زیادتی کی خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پنجاب کالج کے خواتین کے لیے مخصوص گلبرگ کیمپس میں فرسٹ ایئر کی ایک طالبہ کو اُسی کالج کے ایک سکیورٹی گارڈ نے مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا ہے۔
یہ خبر سامنے آنے کے بعد طلبا کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا جو کئی روز تک جاری رہا اور اس میں دو درجن کے لگ بھگ طلبا زخمی بھی ہوئے۔
احتجاج کرنے والے طلبا کی جانب سے یہ دعوے بھی سامنے آئے تھے کہ کالج کی انتظامیہ مبینہ طور پر اس واقعے کو چھپانے کی کوشش کر رہی ہے اور اس حوالے سے دستیاب تمام شواہد بھی ختم کر دیے ہیں۔