’سنگل اگین‘، ارجن کپور کی جانب سے بریک اپ کی تصدیق پر ملائیکہ کی مغموم پوسٹ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کے معروف اداکار ارجن کپور نے اپنی محبوبہ ملائیکہ اروڑا سے علیحدگی کی تصدیق کردی ہے جس کے بعد اداکارہ نے بھی ایک مبہم سی پوسٹ شیئر کردی۔
بھارت کے معروف اداکار سلمان خان کے بھائی اداکار ارباز خان کی سابق اہلیہ ملائیکہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر ایک اقتباس شیئر کیا کہ ’دل کو سیکنڈ کے لیے چھونا زندگی بھر کے لیے روح کو چھو سکتا ہے‘۔ انہوں نے آخر میں ’گڈ مارننگ‘ بھی لکھا۔
ارجن کپور نے اپنی محبوبہ ملائیکہ اروڑا سے تعلقات پر خاموشی توڑتے ہوئے خود کو سنگل قرار دیا۔ ارجن کپور کی جانب سے ملائیکہ اروڑا سے علیحدگی کے اس اعلان کے ایک روز بعد ملائیکہ نے بھی ایک پوسٹ داغ دی جو تھوڑی مغموم ہونے کے ساتھ ساتھ مبہم بھی تھی اور جس پر مداح ابہام میں پڑگئے۔
یاد رہے کہ گانے ’چھیاں چھیاں‘ و دیگر آئٹم سونگز پرفارم کرنے والی چھیل چھبیلی اداکارہ ملائیکہ اروڑا نے سنہ 2017 میں ارباز خان سے طلاق لینے کے بعد سنہ 2018 میں ارجن کپور کے ساتھ ڈیٹنگ شروع کی تھی۔ ارجن کپور بالی ووڈ کے سابق سپراسٹار انیل کپور کے بھتیجے اور فلم پروڈیوسر بونی کپور کے بیٹے ہیں۔
پھر وہ انسٹاگرام ہی تھا جو دونوں کی دوستی کی خبر لے کر آیا۔ ان دونوں نے سنہ 2019 میں اپنے رشتے کے بارے میں انسٹا گرام کے ذریعے اپنے مداحوں کو بتایا تھا۔ اس کے بعد اس جوڑی کو کئی تقاریب اور ڈنر پارٹیز میں ایک ساتھ دیکھا گیا۔
ارجن نے آخر کار فلم ’سنگھم اگین‘ کے پروموشن کے دوران ملائکہ اروڑا کے ساتھ اپنے تعلقات کے حوالے سے خاموشی توڑ دی۔ اجے دیوگن اور ٹائیگر شراف کے ساتھ اپنی آنے والی فلم کی تشہیر کرتے ہوئے ارجن نے تصدیق کی کہ اب وہ سنگل ہیں۔
یہ تقریب 28 اکتوبر کو ممبئی کے شیواجی پارک میں راج ٹھاکرے کی طرف سے رکھی گئی تھی۔ ان کے ساتھ ان کے ساتھی اداکار اجے دیوگن اور ٹائیگر شراف اور ان کی آنے والی فلم سنگھم اگین کے ہدایت کار روہت شیٹی بھی تھے۔
یاد رہے کہ پچھلے کچھ مہینوں سے ارجن اور ملائیکہ دونوں ہی اپنے تعلقات کے بارے میں سوالات کا جواب دینے سے گریز کر رہے تھے۔