ایشوریا رائے اداکارہ نہیں ڈاکٹر بننا چاہتی تھی، 51ویں سالگرہ پر انکشاف


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اداکارہ ایشوریا رائے یکم نومبر 2024 کو 51 برس کی ہو گئی ہیں۔ سابق مس ورلڈ آج ممبئی میں اپنی 51ویں سالگرہ منا رہی ہیں۔ ایشوریا قریباً 3 دہائیوں سے فلم انڈسٹری میں سرگرم ہیں، انہوں نے کئی سپر ہٹ فلمیں دیں۔ کیا آپ جانتے ہیں کہ ایشوریا کبھی بھی اداکارہ نہیں بننا چاہتی تھیں، ان کی خواہش ڈاکٹر بننے کی تھی۔
ایشوریا رائے نے 1994 میں مس ورلڈ کا خطاب حاصل کیا تھا۔ جس کے بعد ان کا ڈیبیو 1997 میں منی رتنم کی فلم اروور سے ہوا۔ اس کے بعد انہوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور اپنے کریئر میں کئی فلمیں دیں جن میں اور پیار ہوگیا، ہم دل دے چکے صنم، دیوداس، گزارش، محبتیں، اے دل ہے مشکل، گرو، جودھا اکبر، پونیاں سیلون اور سیلوان 2 جیسی بہترین فلموں میں کام کیا۔
وہ اپنے جونیئر کالج کے دنوں میں اس وقت شوبز میں آئیں جب ایک فوٹو جرنلسٹ پروفیسر نے انہیں فیشن فیچر کے لیے منتخب کیا تھا، انہیں اس کیرئیر نے بہت سے مواقع فراہم کیے اور وہ شوبز کی راہی بن گئیں۔ تاہم بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ ایشوریا ڈاکٹر بننا چاہتی تھیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک پرانی ویڈیو میں اداکارہ نے شوبز میں آنے کی بات کی تھی۔
سابق مس ورلڈ نے بتایا تھا کہ شوبز کا سفر ان کے جونیئر کالج کے دنوں میں نہ چاہتے ہوئے چانک ہی شروع ہوا تھا۔ ان کے خاندان میں سے کسی کا تعلق سنیما کی دنیا سے نہیں، اس لیے ان کی پوری توجہ پڑھائی پر مرکوز تھی، تاکہ خاندان والوں کی طرح محنت کرکے ڈگری حاصل کرسکوں اور طب میں اپنا کریئر بناسکوں۔
ایشوریا رائے بچن نے 2007 میں ابھیشیک بچن سے شادی کی اور 2011 میں اپنی بیٹی آرادھیا کو جنم دیا۔ پچھلے کچھ برس سے ایشوریا کے سسرال والوں کے ساتھ اختلافات کی افواہیں سوشل میڈیا پر پھیلی ہیں۔ ابھیشیک اور ایشوریا کی طلاق کی خبریں بھی سوشل میڈیا پر زور پکڑتی رہی ہیں۔