ہمارا عزم کمزور نہیں ہوا، دہشتگردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا، سرفراز بگٹی کا خطاب


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دہشتگرد معصوم بچوں کو سافٹ ٹارگٹ سمجھ کر نشانہ بنا رہے ہیں، واقعات پر دکھی ضرور ہیں لیکن دہشتگردی کی بیخکنی کے خلاف ہمارا عزم کمزور نہیں ہوا، دہشتگردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔
جمعہ کو گورنمنٹ گرلز پوسٹ گریجویٹ ڈگری کالج کوئٹہ میں طالبات کو لیپ ٹاپ فراہمی کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا دہشتگردی کی بزدلانہ حرکتوں سے خوفزدہ ہوکر اپنے تعلیمی ادارے ویران نہیں ہونے دیں گے، بلوچستان کے ذہین طالب علموں کو دنیا بھر کے مایہ ناز تعلیمی اداروں میں تعلیمی مواقع فراہم کررہے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے گرلز کالج میں ہائی ٹیک لیب کے قیام، بچیوں کو 50 پنک اسکوٹیز اور میرٹ پر مزید لیپ ٹاپ کی فراہمی کا اعلان کرتےہوئے مزید کہا کہ بلوچستان کی بچیوں کو خود اعتمادی دیکر انہیں تعلیم و ترقی کے اعلیٰ مواقع دینا چاہتے ہیں،40 روز قبل ہم نے طالبات کو لیپ ٹاپ فراہمی کا اعلان کیا تھا آج اس وعدے کی تکمیل ہوررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پروفیسر ناظمہ طالب سے منسوب فیکلٹی بلاک کی تعمیر پر بھی جلد کام شروع کردیا جائے گا، یہ ایک سال کے اندر پایہ تکمیل تک پہنچے گی، طالبات محنت کریں اور پوری لگن سے اپنے روشن مستقبل کی تگ و دو کرتے ہوئے پوری دنیا میں پاکستان اور بلوچستان کا نام روشن کریں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ہم اپنے نوجوانوں کو تعلیم یافتہ اور معاشرے کا باوقار فرد بنانا چاہتے ہیں دوسری جانب دہشتگرد نوجوانوں کو ورغلا کر ریاست کے خلاف زہر بھر رہے ہیں اور انہیں خود کش بنا رہے ہیں فیصلہ بلوچستان کے عوام اور نوجوانوں نے کرنا ہے کہ وہ کیسا مستقبل چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم تعلیم اور شعور کے ذریعے دہشتگردوں کو شکست دیں گے مستونگ واقعہ کے ردعمل میں ہر طالبہ واضح پیغام دے کہ بلوچستان کے نوجوان دہشتگردی کو مسترد کرتے ہوئے ایسی ہر تخریبی سرگرمیوں کی مذمت کرتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ باہر بیٹھے دہشتگرد نوجوانوں کو بلوچستان کی پسماندگی کے نام پر ورغلاتے ہیں اور سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوانوں کو گمراہ کرنے کے حربے استعمال ہوتے ہیں ریاست کے خلاف منظم مہم چلائی جاتی ہے جس کی ایک مثال گزشتہ دنوں شنگھائی تعاون تنظیم کی عالمی کانفرنس کے دوران ایک طالبہ سے مبینہ زیادتی کا بے بنیاد سوشل میڈیا پروپیگنڈا بھی ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں تعلیمی ترقی کے لیے پہلی بار بینظیر بھٹو اسکالرشپ پروگرام شروع کیا گیا ہے جس کے تحت میٹرک تا پی ایچ ڈی طالب علموں کو اعلیٰ تعلیم کے بھرپور مواقع فراہم کیےجاررہے ہیں۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن کا ہے ہمیں رشوت خوری اور کرپشن کو روک کر ترقی کے ثمرات عام بلوچستانی تک پہنچانے ہوں گے گڈ گورننس کے ذریعے سرکاری اداروں پر عوام کا اعتماد بحال کرکے ہی مسائل کا پائیدار حل ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں اب کوئی نوکری نہیں بکے گی الحمدللہ ہم اپنی پختہ کمٹمنٹ پر قائم ہیں اور ہماری بھرپور کوشش ہے کہ کرپشن کی روک تھام کے لیے اقدامات کو بار آور بنایا جائے۔
تقریب میں صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بلوچستان میں تعلیمی ترقی اور اصلاحات کے لیے جاری اقدامات کو سراہا۔ تقریب کے اختتام پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے پوزیشن ہولڈر طالبات کو لیپ ٹاپ دیے۔