فیصل واوڈا جن کی زبان بولتا ہے، ان کا مقصد عدلیہ کو زیر کرنا ہے، اعتزاز احسن


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سینیئر قانون دان اعتزاز احسن نے کہا کہ فیصل واوڈا کون ہے، یہ کس کا امیدوار ہے، جن کا امیدوار ہے انہی کی زبان بولتا ہے۔ ان کا تو مقصد ہی عدلیہ کو زیر کرنا ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینیئر قانون دان اعتزاز احسن نے کہا کہ یہ کہتے ہیں ججز کی پگڑیوں سے فٹ بال کھیلیں گے، اس سے زیادہ سخت کوئی اور زبان ہوسکتی ہے۔ یہ فیصل واؤڈا ہے کون، یہ نہ پیپلز پارٹی کا ہے نہ نون لیگ کا نہ ایم کیو ایم کا یہ سینیٹر کیسے بن گیا۔
اعتزاز احسن نے کہا کہ جنہوں نے اس کو سینیٹر بنوایا ہے یہ ان کی ہی زبان بول رہا ہے، یہ کیا 200کروڑ دیکر سینیٹر بنا ہے۔ یہ کسی فریق کا نمائندہ ہے، جو پیچھے بیٹھا ہے اور وہیں سے سب کچھ کروا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے کہا جاتا تھا یہ طلال چوہدری ہے، دانیال عزیز ہے، لیکن یہ سب تو اب سزا یافتہ ہیں۔ دوسری طرف خواجہ آصف نے عدلیہ کو کیا کچھ نہیں کہا، رانا ثنا اللہ نے کیا کچھ نہیں کہا لیکن ان کو سزا نہیں ملی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز ٹرک لے کر سپریم کورٹ کے باہر چلی گئی تھیں اور چیف جسٹس کی عدالت کے باہر لاؤڈ اسپیکر لے کر کھڑی ہوگئیں اور جو کچھ کہہ سکتی تھیں عدلیہ کو کہہ دیا، لیکن عدلیہ نے درگزر کیا۔
اعتزاز احسن نے کہا کہ ان کا نقطہ نظر یہی ہے کہ فیصل واوڈا آخر کس کا امیدوار ہے، جس کا یہ امیدوار ہے ان کی ہی زبان بول رہا ہے۔ ان لوگوں کا مقصد ہی یہی ہے کہ عدلیہ کو زیر کردیں، جس میں یہ لگے ہوئے ہیں۔