سعودی عرب کی ٹیم بہت جلد کرکٹ کے میدان میں ابھر کر سامنے آئے گی، سرفراز احمد


لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ بہت جلد سعودی عرب کی ٹیم بھی کرکٹ کے میدان میں ابھر کر سامنے آئے گی، سعودی عرب کی طرف سے ثقافتی پروگرام کا آغاز انتہائی خوش کن ہے، یہاں آ کر بہت اچھا لگ رہا ہے۔
ہفتہ کے روز سعودی عرب میں جاری گلوبل ہارمنی ایونٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد سرفراز احمد نے کہا کہ عرب ممالک میں بھی کرکٹ کے کھیل کا آغاز ہو چکا ہے اور جس طرح دیگر عرب ممالک کرکٹ کے میدان میں آگے بڑھ رہے ہیں، ہمیں امید ہے کہ سعودی عرب کی ٹیم بھی بہت جلد کرکٹ کے میدان میں آگے آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی )کے ایسوسی ایٹ ممالک کی ٹیمیوں نے بھی کرکٹ کھیلنا شروع کر دی ہے اور ان ٹیموں میں سعودی عرب کی ٹیم بھی شامل ہے۔
ایک سوال کے جواب میں سرفراز احمد نے کہا کہ سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں پاکستانیوں سمیت دیگر ممالک کے لوگ بھی رہتے ہیں، یہ بہت اچھی بات ہو گی کہ تمام ممالک کے لوگ یہاں سعودی عرب میں ہنسی خوشی اور امن و بھائی چارے کے ساتھ رہیں۔
ایک اور سوال کے جواب میں محمد سرفراز نے کہا کہ کرکٹ کے فروغ اور بحالی کے لیے کرکٹر ہمیشہ دستیاب ہوتے ہیں، پاکستان کے سابق کرکٹر کبیر خان یہاں سعودی عرب میں کوچنگ کر رہے ہیں، یہاں ایک بہت اچھا کرکٹر کوچنگ کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہاں سعودی عرب میں مختلف کمیونیٹز کے لوگ رہتے ہیں، جب یہاں ایک اچھا کرکٹر نوجوانوں کی کوچنگ کرے گا تو سعودی عرب کی ٹیم بھی اسی طرح دُنیا میں ابھر کر سامنے آئے گی جس طرح نیپال، یو اے ای اور عمان کی ٹیمیں سامنے آئی ہیں۔