پنجاب حکومت کا پی آئی اے کی خریداری پر مزید کام کرنے کا ارادہ ہے، نواز شریف


منصوبے پر عمل ہوجائے تو ملک کو ایک اچھی ائیر لائن میسر آئے گی، سابق وزیراعظم
لندن(قدرت روزنامہ)مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے پنجاب حکومت کی جانب سے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی خریداری پر سنجیدگی کا اشارہ دے دیا۔
سابق وزیراعظم نواز شریف نے لندن پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بیٹی وزیراعلی پنجاب مریم نواز پنجاب میں اچھا کام کر رہی ہیں، ان سے پی آئی اے کی بات کی تھی، اس حوالے سے مزید کام کرنے کا ارادہ ہے، اس منصوبے پر عمل ہوجائے تو ملک کو ایک اچھی ائیر لائن میسر آئے گی۔
نواز شریف نے کہا کہ مریم کو دن رات ایک فکر ہے کہ غریب آسانی سے زندگی گزار سکیں، مرکز اور پنجاب دونوں جگہ ن لیگ اچھا کام کر رہی ہے، معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں اور ملک پٹری ٹریک پر واپس آرہا ہے۔
واضح رہے کہ نواز شریف نے پنجاب حکومت کو پی آئی اے کی خریداری کی تجویز دی ہے۔اس سے قبل خیبر پختونخوا حکومت بھی پی آئی اے خریدنے کی پیش کش کر چکی ہے۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی نجکاری کے لیے واحد بولی صرف 10 ارب کی موصول ہوئی ہے۔ واحد بولی دہندہ کی پیش کش پر انتظامیہ سرپکڑ کر رہ گئی۔
اسلام آباد میں پی آئی اے کی نجکاری کے لیے بلیو ورلڈ سٹی کنسورشیم کی بولی کھولنے کے لیے تقریب منعقد ہوئی۔ بلیو ورلڈ سٹی کنسورشیم نے ائیر لائن کی خریداری کے لیے 60 فیصد شیئرز کی صرف 10ارب کی بولی لگائی۔
حکومت نے پی آئی اے کی نجکاری کے لیے کم از کم قیمت 85ارب 3 کروڑ روپے مقرر کردی تھی۔