ڈونلڈ ٹرمپ کو تمام سوئنگ ریاستوں میں کملا ہیرس پر نمایاں برتری حاصل


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)امریکا میں اٹلس انٹیل کے ایک تازہ سروے کے مطابق امریکی صدارتی انتخابات میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نائب صدر کملا ہیرس کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے جب کہ سروے کے مطابق سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو 7 سوئنگ ریاستوں میں کملا ہیرس پر نمایاں برتری حاصل ہے۔
امریکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق اٹلس انٹیل نے اپنے ایک حالیہ سروے میں بتایا ہے کہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو دوسری مدت کے لیے امریکی صدر بننے کے لیے شمالی کیرولائنا، جارجیا، ایریزونا، نیواڈا، وسکونسن، مشی گن اور پنسلوانیا میں نائب صدر کملا ہیرس پر نمایاں برتری حاصل ہے۔
2024 کے صدارتی انتخابات کے عمل کو مکمل ہونے کو 36 سے بھی کم گھنٹے رہ گئے ہیں، تاہم سروے سے ظاہر ہوتا ہے کہ شمالی کیرولائنا، جارجیا، ایریزونا، نیواڈا، وسکونسن، مشی گن اور پنسلوانیا میں ٹرمپ کو بڑی حمایت مل رہی ہے۔
سروے کے مطابق امریکی ریاست ایریزونا میں ٹرمپ کو 52.3 فیصد جبکہ کملا ہیرس کو 45.8 فیصد برتری حاصل ہے۔ ریاست نیواڈا میں کانٹے کے مقابلے کی توقع ہے تاہم اس کے باوجود سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو کملا ہیرس پر 46 فیصد کے مقابلے میں 51.2 فیصد ووٹوں کے ساتھ برتری حاصل ہے۔
سروے کے مطابق اسی طرح نارتھ کیرولائنا میں دونوں امیدواروں نے بھرپور انتخابی مہم چلائی تاہم ٹرمپ کو 50.5 فیصد سے جبکہ کملا ہیرس کو 47.1 فیصد ووٹ حاصل ہوئے ہیں۔
سروے کے مطابق ریاست جارجیا میں بھی اسی طرح کا رجحان ہے، ٹرمپ 50.1 فیصد ووٹوں کے ساتھ آگے ہیں جبکہ کملا ہیرس 47.6 فیصد حمایت حاصل ہے۔ مشی گن اور پنسلوانیا جیسی ریاستوں میں بھی ڈونلڈ ٹرمپ بالترتیب 49.7 فیصد اور 49.6 فیصد حمایت حاصل ہے جبکہ کملا ہیرس کو بالترتیب 48.2 فیصد اور 47.8 فیصد ووٹرز کی حمایت حاصل ہے۔
وسکونسن میں دونوں صدارتی امیدواروں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے ، جہاں سروے کے مطابق اس وقت ٹرمپ کو 49.7 فیصد ووٹرز کی حمایت حاصل ہے جبکہ کملا ہیرس کو 48.6 فیصد ووٹرز کی حمایت حاصل ہے۔
مجموعی طور پر سروے سے ظاہر ہوتا ہے کہ ممکنہ رائے دہندگان میں کملا ہیرس کی 47.2 فیصد حمایت کے مقابلے میں ڈونلڈ ٹرمپ کو 49 فیصد حمایت حاصل ہے۔
اٹلس انٹیل نے اپنے سروے کی درستگی کا دعویٰ کیا ہے کیونکہ 2020 کے انتخابی عمل کے دوران ان کے سروے میں غلطی کے مارجن کے اندر ہر سوئنگ ریاست کی درست پیش گوئی کی تھی۔
اٹلس انٹیل کا کہنا ہے کہ چونکہ دونوں امیدوار انتخابی مہم کے آخری مراحل میں ہیں اور ان نتائج کے آگے، پیچھے ہونے کے امکانات بھی موجود ہیں، دونوں امیدواروں کی سخت گیر انتخابی مہم نتائج تبدیل بھی کر سکتی ہے۔