وزیراعلیٰ سندھ کی کے الیکٹرک کو ملیر ایکسپریس وے کی تعمیر میں حائل تنصیبات ہٹانے کی ہدایت


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کے الیکٹرک انتظامیہ کو کراچی میں ملیر ایکسپریس وے کی تعمیر میں حائل ہونے والی تنصیبات کو ہٹانے کی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ملیرایکسپریس وے پر جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کیلئے اچانک دورہ کیا جس دوران انتظامیہ کی جانب سے انہیں تعمیراتی کام کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ کے دوران انتظامیہ نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ تین پلوں کے ساتھ ایک انڈر پاس کی تعمیراس پراجیکٹ کا حصہ ہیں، منصوبے میں 2 ٹول پلازہ اور 5 ویٹ سیکشن شامل ہیں۔
انتظامیہ نے بتایا کہ ملیر ایکسپریس وے کے پہلے حصے کا کام مکمل نہ ہونے کی وجہ کے الیکٹرک کی تنصیبات ہیں، کام میں رکاوٹوں کی وجہ سے اس منصوبے کو اب 30 جولائی 2025 تک مکمل کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کے الیکٹرک کو اپنی تنصیبات کو دوسرے مقام پر منتقل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ نومبراور دسمبر کے درمیان ہر صورت ملیر ایکسپریس وے کے قائد آباد سیگمنٹ کا افتتاح ہوجانا چاہیے۔